اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے مہنگائی روکنے کے لیے تیل پر بڑی سبسڈی دی اور پاکستان میں تیل دبئی سے بھی سستا ہے ۔
اسلام آباد میں احساس راشن پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ احساس راشن پروگرام کے ذریعے دو کروڑ خاندان کریانہ اسٹور سے جاکر آٹا، گھی اور دالوں پر سبسڈی لے سکیں گے، شہریوں کو 30 فیصد ماہانہ رعایت دی جائے گی، ورلڈ بینک نے تسلیم کیا کہ پاکستان کا احساس پروگرام دنیا کا بہترین منصوبہ ہے۔ عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت 98 فیصد پیسہ عورتوں کے ہاتھ میں دیا جاتا ہے تاکہ عورتیں بچوں کی تعلیم سمیت دیگر معاملات کو چلا سکے، احساس پروگرام سے خواتین کو بااختیار بنانا ہے، جب تک خواتین تعلیم یافتہ نہیں ہوں گی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ صحت کارڈ ہماری حکومت کا بہت بڑا پراجیکٹ ہے، سوائے سندھ کے پاکستان کے ہر خاندان کو اس ماہ کے آخر تک صحت کارڈ مل جائیگا، یہ کارڈ کسی بھی اسپتال میں چل سکتا ہے، غریب گھرانے میں کوئی سوچ نہیں سکتا تھا کہ وہ پرائیوٹ اسپتال میں علاج کراسکے گا، مجھے ڈاکٹر نے فون کرکے بتایا کہ پہلی مرتبہ صحت کارڈ پر ہارٹ ٹرانسپلانٹ کیا گیا ہے، امیر ترین ملکوں میں بھی مفت ہیلتھ انشورنس نہیں ملتی لیکن صحت کارڈ دینے کا مقصد یہی ہے کہ ہمارا ملک مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست بنے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ٹیکس بڑھ رہا ہے اور ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا ہے، اگر ٹیکس نہ ہوتا تو بجلی، پیٹرول اور ڈیزل پر چھوٹ نہیں دے سکتے تھے، اس لیے جیسے جیسے ٹیکس بڑھے گا ہماری کوشش ہوگی کہ نچلے طبقے کو اوپر لائیں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ مہنگائی صرف پاکستان میں ہی نہیں دنیا بھر میں ہے لیکن پاکستان اب بھی دنیا میں سستا ترین ملک ہے، دبئی میں تیل ان کی اپنی زمین سے نکلتا ہے مگر پاکستان میں ڈیزل اور پیٹرول دبئی سے سستا فروخت ہورہا ہے، سارے برصغیر میں سب سے سستا تیل پاکستان میں ہے، ہم نے یہ اس لیے سستا کیا کیونکہ تیل مہنگا ہونے سے ہر چیز مہنگی ہوتی ہے، مہنگائی روکنے کے لیے تیل پر بڑی سبسڈی دی۔
Comments are closed.