اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں خوشحالی اس وقت آئے گی جب قانون کی بالادستی ہوگی۔
اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ کورٹس کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ عدلیہ آزادی کے وہ نتائج نہیں آئے جو آنے چاہیے تھے، حکومت عدلیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی، ڈسٹرکٹ کورٹس کا قیام پہلے ہی ہونا چاہیے تھا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ طاقتور ہمیشہ قانون سے اوپر رہنا چاہتا ہے، قانون کی حکمرانی نہ ہونے سے ہم پیچھے رہ گئے، طاقتور کبھی انصاف نہیں مانگتا، کمزور ہی طاقتور سے انصاف کی جنگ لڑتا ہے، ملک میں خوشحالی اس وقت آئے گی جب قانون کی بالادستی ہوگی۔
عمران خان نے کہا کہ پرویزمشرف نے این آر او دے کر ملک پر بڑا ظلم کیا، یہ پیسہ پرویز مشرف کا نہیں عوام کا تھا، اب سارے اکٹھے ہو کر کہتے ہیں ہمیں این آر او دیں، 25 سال پہلے پارٹی کا نام تحریک انصاف رکھا، میرے پاس سب کچھ ہے سیاست میں آنے کی ضرورت نہیں تھی، سیاست میں اس لیے آیا کہ ملک کے لیے کچھ کرسکوں۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، تارکین وطن ملک میں پلاٹ لیں تو قبضہ ہو جاتا ہے، یورپ میں قبضہ گروپ اس لیے نہیں کیونکہ وہاں قانون ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 1985ء کے بعد ملک بڑی تیزی سے نیچے گیا، بھارت، بنگلہ دیش اور دیگر ممالک پاکستان سے آگے نکل گئے، بھارت میں اتنی غربت تھی جو کسی اور ملک میں نہیں تھی۔
Comments are closed.