ملتان:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام ملک میں برسراقتدار رہنے والوں کا 8 فروری کو احتساب کریں، چوکیدار سے لے کر صدر پاکستان تک سب کا اتفاق ہے کہ حالات بہت خراب ہیں، حالات اس لیے خراب ہیں کیونکہ ملک میں انصاف نہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بیٹھ چکی ہے، 10 کروڑ سے زائد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، 5 دریاؤں کے باوجود ہر پانچواں پاکستانی گندا پانی پیتا ہے، ہزاروں لوگ یرقان کی بیماری کی وجہ سے مر جاتے ہیں، سپتالوں میں غریب کیلئے مناسب علاج کی سہولیات نہیں، غریب کے بچے کیلئے کوالٹی کی تعلیم میسر نہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ حالات کس نے خراب کیے ہیں؟ اگر یہ حالات ہماری وجہ سے خراب ہیں تو قوم سراج الحق کا احتساب کرے، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، تحریک انصاف، جرنیلوں نے اس ملک پر حکومت کی، اپنی جائیدادوں میں اضافہ کیا، ہر بچہ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کا مقروض ہے۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ 76 سالوں میں پیپلزپارٹی نے 4 اور ن لیگ نے بار بارحکومت کی، 35 سال جرنیلوں نے حکومت کی ہے، ایک بار پی ٹی آئی نے حکومت کی ہے، جنہوں نے اپنی جائیدادوں، شوگر ملوں میں اضافہ کیا ان کا احتساب ہونا چاہیے۔
Comments are closed.