بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس و مجالس، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

کراچی: ملک بھر میں آج 9 محرم الحرام کے حوالے سے جلوس و مجالس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کے لیے مختلف شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگاجبکہ مقررہ راستوں کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے اور اطراف میں موبائل فون سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔

مرکزی جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کی گزرگاہ اور اطراف کی گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینر لگا کرسیل کیا گیا ہے جبکہ جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس و رینجرز بھی تعینات ہے اور جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

کراچی میں آج نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا، جس کی سیکیورٹی پر پولیس کے 5 ہزار سے زائد افسران و جوان تعینات ہیں۔

خیال رہے کراچی میں  مرکزی مجلس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے، ختم مجلس کے بعد مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر اختتام پزیر ہوجائیگا جبکہ جلوس کے شرکاء مسجد و امام بارگاہ علی رضا پر نمازِ ظہرین بھی ادا کریں گے۔

کوئٹہ: 9 محرم الحرام کا جلوس دن ایک بجے امام بارگاہ ناصر العزاء سے برآمد ہوگا اور مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا دوبارہ امام بارگاہ ناصر العزاء پر ہی اختتام پذیر ہوگا جبکہ جلوس کے سلسلے میں شہر بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

کوئٹہ شہر میں جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس، ایف سی اور لیویز کے 4 ہزار سے زائد اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ صبح 9 بجے سے شہر بھر میں موبائل فون سروس معطل ہو گئی ہے۔

روہڑی: 500 سالہ قدیمی نو ڈھالہ تعزیہ کا جلوس امام شاہ عراق سے برآمد ہوکر اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں جس میں ملک بھر سے سینکڑوں کی تعداد میں زائرین اور عزاداران حسین شرکت کررہے ہیں۔

نویں محرم الحرام کے حوالے سے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں بھی ایک ماتمی جلوس نکالا جائے گا اور اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔

دوسری جانب لاہور کا جلوس پانڈو اسٹریٹ سے اور اسلام آباد کا جلوس مرکزی امام بارگاہ اثنائے عشری سے برآمد ہو کر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہوگا۔

You might also like

Comments are closed.