اسلام آباد: قوم آج 6 ستمبر کو 55 واں یوم دفاع پاکستان ملی جوش و جذبے سے منا رہی ہے اور یوم دفاع کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں یوم دفاع آج بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، آج دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد شہدائے جنگ ستمبر کیلیے قرآن خوانی اور ملک و قوم کی سلامتی و استحکام کی خصوصی دعائوں سے ہوا۔
آج کے دن دفاع وطن کیلیے جانیں نچھاور کرنے والے پاک فوج کے جوانوں اور افسران کی یادگاروں پر پھول چڑھانے کی تقاریب منعقد کی جائیں گی اور شہدا کیلیے فاتحہ خوانی کی جائے گی۔
یوم دفاع کی تقاریب میں جریح و بہادر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ ملک کی سلامتی کو در پیش نئے چیلنجز اور اندرونی و بیرونی خطرات کو اجاگر کرکے قوم میں سیسہ پلائی دیوار بننے کا جذبہ مستحکم بنانے کی فضا استوار کی جائے گی۔
آج سول و فوجی حکام، سیاسی قائدین اور عوام شہدا کی یادگار باٹا پور اور بھسین گاؤں میں حاضری دیں گے اور شہدا کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے جبکہ کورونا ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔
دوسری جانب یوم ستمبر کی مناسبت سے مزار قائد پر گارڈزکی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں پاک فضائیہ کےکیڈٹس نے مزار کے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
ائیر وائس مارشل محمد قیصرجنجوعہ (ستارہ امتیاز ملٹری) ائیر آفیسر کمانڈنگ اصغر خان اکیڈمی نے تقریب میں شرکت کی اور مزار پر حاضری دی اور پھول رکھے اور فاتحہ پڑھی۔
Comments are closed.