اسلام آباد: ملک بھر میں ایک دن میں عالمی وبا کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے دوران مزید 40 افراد انتقال کرگئے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4ہزار 858 نئے کیس بھی رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.61 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4ہزار 858 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 40 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے۔
ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.61 فیصد سے زیادہ رہی ہے جبکہ صرف کراچی میں یہ شرح تقریباً 23 فیصد پر پہنچ گئی ہے جس کے بعد سندھ حکومت نے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن لگا دیا ہے۔
این سی اوسی کے مطابق یکم اگست کو 56ہزار414 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، ان میں سے 4 ہزار 858 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 23 ہزار 462 ہو گئی اور مجموعی کیسز 10 لاکھ 39 ہزار 965 تک جاپہنچے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1ہزار 316 مریض اس موذی مرض سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ 43 ہزار 20 ہو گئی ہے ۔
این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 73 ہزار 213 تک جا پہنچی ہے جس کے بعدکورونا کی موجودہ صورتِ حال پر غور کرنے کے لیے اور نیا لائحہ عمل طے کرنے کے لئے وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس آج ہوگا۔
Comments are closed.