پیر 8 ذیقعد 1444ھ 29؍مئی 2023ء

ملکی معیشت مستحکم کرنے کے لئے کوشاں ہیں،  اسحاق ڈار

اسلام آباد:وفاقی وزیرِ خزانہ اور سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اسلامی بینکنگ کا نظام بہتر بنا رہے ہیں، اسلامی فنانسنگ سے غربت پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔

 اسلام آباد میں بین الاقومی اسلامک بینکنگ کانفرنس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار  کہا کہ سٹیٹ بینک پاکستان میں اسلامک فنانس کے فروغ کیلئے بھرپور کوشش کر رہا ہے اور گورنر سٹیٹ بینک نے اسلامک فنانس کے فروغ کیلئے بڑی محنت کی ہے، اسلامک فنانس سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

 وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دنیا میں اسلامک فنانسنگ تیزی سے بڑھ رہی ہے اور نان مسلم ممالک میں اسلامک فنانسنگ کا رجحان بڑھ رہا ہے، اسلامک فنانسنگ کے ذریعے حکومتی مالیاتی ضروریات کو پورا کیا جا سکتا ہے۔

اسحاق ڈارنے کہا کہ اسلامی بینکنگ کیلئے مثر اقدامات کر رہے ہیں، یہ کانفرنس اسلامک فنانسنگ میں ہمارے مستقبل کیلئے مشعل راہ ہے، اسلامی بینکنگ کا نظام ہمارے مستقبل کو بہتر بنانے میں مدد دے گا، تمام اسلامی ممالک کے اشتراک سے معاشی چیلنجز سے نکل سکتے ہیں۔

 وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ اسلامک فنانس پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے اہم ہے، عالمی سطح پر اسلامک فنانس 4 ہزار ارب ڈالر سے زیادہ ہے، 2026 میں اسلامک فنانس عالمی معیشت میں 59 ہزار ارب ڈالرز کو پہنچ جائے گا۔

 قبل ازیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا تھا کہ ملکی اکانومی کیلئے اسلامک کیپیٹل مارکیٹ سے گروتھ میں بہتری آ رہی ہے، مارکیٹ کا حجم 3 ٹریلین ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔

 جمیل احمد نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں میں پاکستان میں اسلامک بینکنگ میں 24 فیصد اضافہ ہوا، سٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی مل کر اسلامک فنانس سیکٹر کے فروغ کے لئے اصلاحات کر رہے ہیں، 2027 تک ملکی معیشت کو سود سے پاک کرنا چاہتے ہیں۔

You might also like

Comments are closed.