لاہور: مسلم لیگ ن کی سینئر قیادت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی علیم خان سے رابطہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے ممکنہ تحریک عدم اعتماد کے اعلان کے بعد حکومت اور اپوزیشن جماعتیں متحرک نظر آرہی ہیں، اور ایک دوسرے کے ارکان اسمبلی سے رابطہ کررہی ہیں، اسی اثناء میں تحریک انصاف کے سینئر رہنما علیم خان سے مسلم لیگ (ن) کی سینئر قیادت نے بھی رابطہ کیا ہے۔
جب کہ خود علیم خان نے صرف 3 دن میں 40 سے زائد ارکان صوبائی اسمبلی سے ملاقات کی، ارکان میں دس صوبائی وزراء بھی شامل ہیں۔
سیاسی صورتحال اور عدم اعتماد کی تحریک کے حوالے سے تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کے گروپ نے آج لاہور میں اہم مشاورتی اجلاس طلب کررکھا ہے، اجلاس جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگا، جس میں جہانگیر ترین لندن سے ویڈیو لنک پر شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے سابق سینئر صوبائی وزیر علیم خان نے جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے، جب کہ علیم خان اور جہانگیر ترین کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں تمام معاملات طے پا گئے ہیں اور وہ آج جہانگیر ترین کے گھر ہونے عشائیہ میں اپنی شمولیت کا اعلان کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علیم خان کی آج ترین گروپ سے ہونے والی ملاقات میں پارٹی میں تمام گروپس بشمول ترین گروپ کو اکٹھا کر کے مشترکہ لائحہ عمل اپنایا جائے گا، اور جب تک سیاسی منظر نامہ واضح نہیں ہوتا تمام ارکان کے ناموں کو پوشیدہ رکھا جائے گا، جب کہ علیم خان اور جہانگیر خان ترین آج سے مشترکہ سیاسی حکمت عملی اپنائیں گے۔
Comments are closed.