جمعہ 14؍صفر المظفر 1445ھ یکم؍ستمبر 2023ء

لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کو رہا کرنے کا حکم دے دیا

لاہور: ہائی کورٹ نے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو رہا کرنے کا حکم دے دیااور کسی بھی مقدمہ میں گرفتار کرنے سے بھی روک دیا۔جمعہ کو زائد اثاثہ جات کیس میں چوہدری پرویز الٰہی کی گرفتاری کے خلاف درخواست کی عدالتِ عالیہ میں سماعت ہوئی۔دورانِ سماعت چوہدری پرویز الٰہی کو لاہور ہائی کورٹ میں پیش کیا گیا۔

عدالتِ عالیہ کے جسٹس امجد رفیق نے پرویز الٰہی کو پیش نہ کرنے کی صورت میں ڈی جی نیب کے وارنٹ جاری کرنے کا کہا تھا۔دورانِ سماعت جسٹس امجد رفیق نے استفسار کیا کہ احتساب عدالت کو بتایا تھا کہ انٹرا کورٹ اپیل خارج ہو گئی تھی؟۔نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ یہ میرے علم میں نہیں۔

جسٹس امجد رفیق نے کہا کہ اس کی مکمل انکوائری ہو گی، میں ابھی پرویز الٰہی کو فوری رہا کرنے کا حکم دے رہا ہوں، انکوائری ہو گی کہ انٹرا کورٹ اپیل خارج ہونے کے بعد پرویز الٰہی کو کیسے گرفتار رکھا گیا۔

بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہی کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے ساتھ ہی کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ چوہدری پرویز الٰہی نے نیب کی جانب سے اپنی گرفتاری کو چیلنج کر رکھا تھا۔

You might also like

Comments are closed.