کراچی:بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش (آج) پیر کو ملک بھر میں روایتی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
دن کا آغاز وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی اور کراچی میں مزار جناح پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب سے ہوا۔
تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے بانی پاکستان کو ان کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مزار پر حاضری دی۔
ریڈیو پاکستان نے رپورٹ کیا کہ اس دن کے لیے خصوصی تقریبات کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ تقریبات کے شرکاء بانی پاکستان کو ان کی کاوشوں اور دور اندیش قیادت پر خراج تحسین پیش کریں گے۔
جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ اس دن عام تعطیل ہوتی ہے اور ملک بھر میں اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا جاتا ہے۔
جناح پیشے کے اعتبار سے وکیل اور سیاست دان تھے۔ انہوں نے 1913 سے 14 اگست 1947 کو پاکستان کی آزادی تک آل انڈیا مسلم لیگ کے رہنما کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ پاکستان کے پہلے گورنر جنرل تھے۔ ان کا انتقال 11 ستمبر 1948 کو ہوا۔
Comments are closed.