لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قرض مانگنے والوں کی عزت نہیں ہوتی ہمیں معیشت کو مضبوط بنانا ہوگا اپنی ایکسپورٹ بڑھانی ہوں گی۔
لاہور میں صنعتی پیکیج دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو پیکج آج دیا وہ حکومت میں آتے ہی بزنس کمیونٹی کو دے دینا چاہیے تھا، گزشتہ حکومتیں ملک کی معیشت درست کرنے میں ناکام رہیں، پرکشش مراعات سے سرمایہ کار راغب ہوتے ہیں اور سرمایہ کاری کے لیے ہماری سمندر پار پاکستانی بہت بڑا اثاثہ ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی ایکسپورٹ پر توجہ نہیں دی، ایکسپورٹ بڑھائے بغیر کیسے ملک ترقی کرے گا؟ آئی ٹی کا شعبہ ہی دیکھ لیں، آئی ٹی انڈسٹری میں بھارت کہاں سے کہاں پہنچ گیا؟ اور ہم کہاں ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم نے اپنے فری لانسر اور آئی ٹی انڈسٹری کو مراعات نہیں دیں، ان کے معاملات بالکل الگ ہیں، لیکن ہم فری لانسرز اور آئی ٹی فرمز کو چھوٹ دے رہے ہیں، ہمیں یہ یقین ہے کہ مراعات ملنے پر سب سے زیادہ تیزی سے آئی سیکٹر آگے بڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ سے مانگیں تو وہ خوش ہوتا ہے، لیکن دوسروں کے آگے ہاتھ پھیلانے سے پیسہ تو مل جاتا ہے مگر عزت نفس چلی جاتی ہے، اس قوم کی عزت نہیں رہتی، ہمیں اپنی معیشت کو مضبوط بنانا ہے، اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کی کوشش کریں گے، ادھر ادھر سے قرضے مانگنے والے ملک کی عزت نہیں ہوتی، آزاد، خود مختار خارجہ پالیسی کے لیے مضبوط معیشت ضروری ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے خود اپنے آپ کو ذلیل کیا، شارٹ کٹ کے لیے کیا کچھ نہیں کیا، زندگی میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا، آپ کو محنت کرنی پڑے گی
Comments are closed.