کراچی:جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے قرآن پاک کی بے حرمتی پر سوئیڈن کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کردیا،غیرت بیچ کر کوئی معیشت بہتر نہیں ہوسکتی، معیشت کو حکمرانوں نے تباہ کردیا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کاواقعہ قابل مذمت ہے، اس حوالے سے اقوام متحدہ کی سطح پرقانون سازی ہونی چاہئے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مسلمان تمام مذہب کے لوگوں کو احترام سے دیکھتے ہیں، دین اسلام تمام دیگر مذاہب کا احترام کرتاہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ دین میں زبردستی کسی کو نہیں لایا جاسکتا، کلام پاک سے بڑھ کر ہمارے لئے کوئی چیز نہیں ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت سوئیڈن کے سفیر کو ملک بدر کرے، مغرب جان لے کہ قران کریم ایک مقدس کتاب ہے، ہماری جانیں اپنے نبی ۖ اور قرآن کے لئے حاضر ہیں، مغرب توہین نہ کرے، جماعت اسلامی سویڈن واقعہ کی مذمت کرتی ہے، ہم احتجاج کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیرت بیچ کر کوئی معیشت بہتر نہیں ہوسکتی، معیشت کو حکمرانوں نے تباہ کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا میئر قبضہ میئر آیا ہے، مرتضی وہاب تصویر کھچوانا چھوڑیں کام کریں، پیپلز پارٹی ووٹ حاصل کرلیتی ہے لوگوں کو سہولت نہیں دیتی۔ عید کے موقع پر صفائی ستھرائی کے عمومی نظام میں بہت سی رکاوٹیں تھیں۔ آئین کہتا ہے کہ تمام اختیارات بلدیاتی حکومتوں کے پاس ہونا چاہیے۔
آئین کہتا ہے کہ صوبائی حکومتیں اختیارات لوکل گورنمنٹ کو منتقل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹریٹ کرائم انتہائی درجے پر چلے گئے، 90 فیصد کرائم رپورٹ ہی نہیں کیا جاتا۔
Comments are closed.