سان فرانسسکو: آپ نے بہت سی ویب سائٹ پر تبصرے کے ساتھ ہی تیر کے اوپری رخ اور نیچے کے رخ کے نشانات دیکھے ہوں گے۔ انہیں کمنٹس کی اپ اور ڈاؤن ووٹنگ کہتے ہیں۔ اب فیس بک مختلف گروپ کے لیے اسی آپشن پر کام کررہا ہے۔
اس طرح کسی گروپ پر جاری مباحثے میں شامل افراد کی رائے کو اپ ووٹ یا ڈاؤن ووٹ دے کر تبصرے کو اہم بناکر بامعنی گفتگو کی جاسکے گی۔
فیس بک نے نومبر 2020 میں اس پر کام کیا تھا اور اب دوبارہ اس کی آزمائش کی جارہی ہے، اس طرح کسی کی رائے کو قابلِ قدر یا غیراہم قرار دینے میں مدد ملے گی۔ پہلی مرتبہ سوشل میڈیا کے ماہر جوہانس وان زِل نے اپنے بلاگ میں اس کی نشاندہی کی ہے۔ لیکن یہ معلوم نہیں کہ آیا یہ آپشن کب پیش کیا جائے گا اور اس کی اندرونی آزماش کب تک جاری رہے گی۔
بعض تجزیہ نگاروں نے فیس بک کے نئے آئکن کی بنا پر انہیں شناخت کیا ہے۔ اس طرح کہا جاسکتا ہے کہ اس طرح کسی پوسٹ پر کمنٹس کو ’مفید‘ اور ’معلوماتی‘ قرار دیا جاسکتا ہے یا پھر اسے غیراہم قرار دینے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ تاہم فیس بک ورک پلیس پر اپ اور ڈاؤن کمنٹس کا آپشن پہلے سے ہی موجود ہے۔ اس سے قبل 2018 میں بھی فس بک گروپ کی بجائے انفرادی صارفین کی پوسٹ پر بھی اپ اور ڈاؤن ووٹنگ کی سہولت کا تجربہ کیا گیا تھا۔
اگرچہ فیس بک نے اسے ترک کردیا تھا لیکن کمپنی کی دوبارہ اس آپشن میں دلچسپی سے معلوم ہوا ہے کہ فیس بک اس آپشن کو بطور کمنٹ ماڈریشن استعمال کرنا چاہتا ہے۔ تاہم فیس بک نے اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائی ہیں۔
Comments are closed.