اتوار 9؍شوال المکرم 1444ھ30؍اپریل 2023ء

فراڈ مردم شماری نامنظور مارچ: کراچی کی گنتی پوری کی جائے،  حافظ نعیم کا مطالبہ

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ خیرات نہیں کراچی کی گنتی پوری کی جائے، وفاقی حکومت میں شامل تمام جماعتیں سن لیں کہ ہمیں توسیع نہیں ہمیں ہمارا حق چاہیے اور ہمیں پورا شمار کیا جائے، وسائل اور نمائندگی کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے مطابق کی جائے۔

شاہراہ فیصل نرسری بس اسٹاپ پر جعلی اور فراڈ مردم شماری نامنظور مارچ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آج کا مارچ کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کا ترجمان ہے، اہلیان کراچی نے حق اور سچ کی آواز کو بلند کیا ہے،آج کا نمائندہ مارچ میں تمام زبان بولنے والے شہری موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ   کراچی کے تمام زبان بولنے والے متحد ہوتے ہیں تو سب سے زیادہ لرزہ وڈیروں اور جاگیرداروں کو ہوتا ہے، جب ان کی جاگیرداری اور وڈیرہ شاہی حکومت جانے لگتی ہے تو یہ تقسیم کرنے والے نعرے لے کر آتے ہیں، شہری اور دیہی وڈیرے سن لیں کہ کراچی کے عوام اپنا حق ضرور حاصل کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  وفاقی حکومت نے مردم شماری کی مدت میں 15 دن کی مزید توسیع کی ہے، جب کراچی کی گنتی بڑے گی تو سندھ کے مظلوم عوام مضبوط ہوں گے، کراچی کی آبادی بڑھے گی تو وزیر اعلی کراچی سے آئے گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ  سندھ کے ہاریوں کو غلام در غلام بنایا جارہا ہے،  یہ کہاں کا انصاف ہے کہ سیاسی بنیادوں پر ملازمتوں کی بندر بانٹ کی جائے، سندھ کے لوگوں کو بھی ملازمتیں رشوت کی بنا پر بھی دی جاتی ہے، ہم کراچی کے عوام کے حقوق کی بات کررہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ  ادارہ محکمہ شماریات اور حکومت کی جوائنٹ میٹنگ میں کراچی جا مقدمہ پیش کیا ہے، ہمیں پتا چلا ہے کہ ایم کیو ایم پھر سے پیپلز پارٹی سے مل کر مردم شماری کے معاملے میں ساز باز کررہے ہیں، ہم سوداگروں اور وزارتوں کے عوض مینڈیٹ فروخت کرنے والوں سے کہنا چاہتے ہیں سوداگری سے باز رہیں۔

امیر کراچی نے کہا کہ  ہم ساڑھے تین کروڑ ہیں اور ساڑھے تین کروڑ ہی گنوائیں گے، وڈیروں اور جاگیرداروں کے پارٹنرز کو بے نقاب بھی کریں گے، بلدیاتی انتخابات میں کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کو بڑی تعداد میں منتخب کرلیا ہے، بلدیاتی انتخابات میں چھینی گئیں ایک ایک نشست کا تحفظ کریں گے، سن لو جاگیرداروں کراچی اوطاق نہیں ہم سب مل کر تحفظ کریں گے۔

You might also like

Comments are closed.