منگل 16؍ربیع الاوّل 1445ھ3؍اکتوبر 2023ء

غیر قانونی طورپر مقیم تارکینِ وطن کوپاکستان چھوڑنے کا الٹی میٹم 

leave Pakistan

اسلام آباد: پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ غیرقانونی طور پر مقیم افراد کو یکم نومبر کی ڈیڈ لائن دی ہے۔

ذرائع کے مطابق اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت غیر قانونی غیر ملکیوں کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ’’رجسٹریشن کے ثبوت‘‘ کے حامل افغان مہاجرین ہی پاکستان میں رہائش کے اہل ہوں گے، باقاعدہ قانونی ویزے کے حامل افغان شہری بھی پاکستان کا سفر کرنے کے اہل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے غیر قانونی غیر ملکیوں کو ملک چھوڑنے کی حتمی ڈیڈ لائن دینے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق تمام غیر قانونی غیر ملکی اپنے تمام اثاثے فروخت کرنے اور مقررہ تاریخ تک اپنے ملک واپس جانے کے پابند ہوں گے۔ ڈیڈ لائن کے بعد غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کر کے ان کی جائیدادیں ضبط کر لی جائیں گی۔

دوسری جانب نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی  نے بتایاکہ غیرقانونی طور پر مقیم افراد کو یکم نومبر کی ڈیڈ لائن دی ہے، غیرقانونی طورپر مقیم غیر ملکی یکم نومبر سے قبل واپس چلے جائیں، یکم نومبر کے بعد ٹاسک فورس غیر قانونی پراپرٹیز کے خلاف کارروائی کرے گی، ان کی جائیدادوں کو ضبط کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹاسک فورس میں قانون نافذکرنے والے اور انٹیلی جنس اداروں کے ارکان ہوں گے، ٹاسک فورس کا مقصد جعلی شناختی کارڈ رکھنے والوں اور غیرقانونی جائیدادوں کو ضبط کرنا ہے، پاکستان میں اس وقت افغان شہریوں کی تعداد44 لاکھ کے قریب ہے، 44 لاکھ میں سے 14 لاکھ کے قریب افغان شہری رجسٹرڈ ہیں، یکم نومبر کے بعد غیر قانونی مقیم افرادکی گرفتاری کے اقدامات کریں گے۔

You might also like

Comments are closed.