غزہ پر اسرائیلی جارحیت جاری ہے، صہیونی فوجیوں نے نہتے فلسطینیوں پر 20 ویں روز بھی حملے کیے، جس کے نتیجے میں 481 فلسطینی شہید ہوئے، مجموعی طور پر اب تک 7028 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں 2913 بچے اور 1717 خواتین شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شہید فلسطینیوں کی تعداد 7 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، 2005 کے بعد سے اب تک غزہ کو 5 بار اسرائیلی جارحیت کا سامنا ہوا ہے اور اس بار ہونے والی شہادتیں گزشتہ 18 سال میں سب سے زیادہ ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کہنا تھا کہ اسرائیلی بمباری سے زخمی ہونے والے شہریوں کی تعداد 27 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، اسرائیلی بمباری کے باعث 970 بچوں سمیت 1670 فلسطینی لاپتا ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی درندگی سے اب تک 12 اسپتال اور 57 طبی مراکز مکمل طور پر ناقابل استعمال ہوچکے ہیں جبکہ حماس کی جانب سے کئی یرغمال بزرگ قیدیوں کو رہا کردیا گیا ہے، جن میں خواتین بھی شامل ہیں، اس کے باوجود اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر روزانہ کی بنیاد پر بمباری کر کے ظلم ڈھارہا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے اپنی درندگی کی شروعات 7اکتوبر سے شروع کی تھی، آج 20روز گزرنے کے بعد بھی عالمی ادارے مظلوم فلسطینیوں کا ساتھ دینے کے بجائے اسرائیل کی حمایت کررہے ہیں، جس کی وجہ سے اسرائیل غزہ کے مسلمانوں پر مسلسل قیامت خیز بمباری کررہاہے۔
Comments are closed.