بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

غریب عوام کے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے کوشاں ہیں، وزیر خزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ معیشت کی ترقی کے ثمرات آج تک غریب آدمی تک نہیں پہنچے، ہم غریب عوام کے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔

اسلام آباد میں کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت بلا سود قرضہ جات کی فراہمی کے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ جو لوگ بینک کی رسائی سے محروم ہیں ان کو براہ راست قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں، اس سلسلے میں وزیر اعظم پاکستان نے خصوصی اقدامات کی ہدایات دی ہیں، سماجی اور معاشی ترقی کے لئے موجودہ حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 74 سال عوام کو صرف خواب دکھائے گئے اور معیشت کی ترقی کے ثمرات آج تک عوام تک نہیں پہنچے، اب ایک شخص عمران خان آیا جس نے کہا کہ معیشت کو عوام کے لیے ترقی دیں گے،  وزیراعظم نے کہا کہ کچھ ایسا کریں جس کی وجہ سے غریب عوام کو مشکل نہ ہو۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم وہ شخص ہیں جو ریاست مدینہ پر یقین رکھتے ہیں اور کہتے ہیں کہ غریب کی حالت بہتر کرنے کے لیے انتظار نہیں کرنا، وزیر اعظم کہتے ہیں کہ ایسا کام کرو کہ غریب کو کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلا نا پڑے، نچلے طبقے میں خوشحالی آئے گی تو تب اصل پاکستان بنے گا، جب تک وزیرخزانہ ہوں عمران خان کا یہ خواب پورا کرتا رہوں گا۔

You might also like

Comments are closed.