شیخوپورہ: مریم نواز نے کہاہے کہ شہباز شریف عوام آنے والے چند مہینوں میں پٹرولیم قیمتوں پر بہت بڑا ریلیف دیں گے۔ مشکلات جتنی بھی بڑی ہوں نواز شریف، شہباز شریف سمیت مسلم لیگ ن ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا جمعہ کی شب کو ضمنی الیکشن کے سلسلے میں شیخوپورہ میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہناتھا کہ شکر ہے عالمی مارکیٹ میں تیل سستا ہو رہا ہے، دیگر قیمتیں بھی تیزی سے نیچے آ رہی ہیں، شہباز شریف عوام آنے والے چند مہینوں میں پٹرولیم قیمتوں پر بہت بڑا ریلیف دیں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ مشکلات جتنی بھی بڑی ہوں نواز شریف، شہباز شریف سمیت مسلم لیگ ن ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔ ہم نے اڑھائی ماہ میں بہت کام کیے، لیکن عمران خان نے چار سال میں ایک کام نہیں کیا۔مہنگائی ضرور ہے لیکن عوام جانتی ہے مہنگائی عمران خان کی وجہ سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز نے پنجاب کی عوام کو 100 مفت یونٹ کا تحفہ دیا، خیبرپختونخوا کی عوام کو مفت بجلی دینے کے بجائے یہ عدالت چلا گیا، عوام کو ریلیف مل رہا ہے اس کے خلاف یہ عدالت چلا گیا، 17 جولائی تک نہ صحیح 17 جولائی کے بعد پنجاب کے عوام کی بجلی مفت کریں گے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھاکہ فتنہ خان کو پتہ ہے کہ اگلے سال تک ہماری حکومت رہی تو مہنگائی کم ہو جائے گی، معیشت ٹھیک ہو جائے گی، حالات ٹھیک ہو جائیں گے، ان کی سیاست ختم ہو جائے گی، مسلم لیگ ن اپنی عوام کو تکلیفوں سے نکلوائے گی، انشاء اللہ مسلم لیگ ن چند مہینوں میں عوام کو بحرانوں سے نکالے گی۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے سابق وزیر اعظم کو مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان آج کل روز ٹی وی پر ڈیڑھ ڈیڑھ گھنٹہ عوام کا سر کھاتا ہے، ڈیڑھ گھنٹے میں ڈیڑھ منٹ بھی اپنی کارکردگی نہیں بتاسکتا، گالیاں نکالنے والا 4 سال میں اپنے 4 کام بھی عوام کو نہیں بتاسکتا، یہ ہمارے نام بدل کر پکارتا ہے، یہ ہمیشہ جھوٹ بولتا ہے۔
Comments are closed.