لاہور: چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں پتہ ہے ارشد شریف کو کس نے قتل کیا، منگل سے لانگ مارچ کا دوبارہ آغاز ہو گا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ ایک سیاسی جماعت کا سربراہ اور سابق وزیراعظم ہونے کے باوجود اگر میں اپنی مرضی سے ایف آئی آر درج نہیں کراسکتا تو عام آدمی کو انصاف کیسے مل سکتا ہے؟
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 3 دن ہو گئے پنجاب حکومت بھی ہماری ہے، اس کے باوجود ہم ابھی تک ایف آئی آر نہیں کٹوا پائے، سابق وزیراعظم کہہ رہا ہے کہ 3 لوگ ملوث ہیں، مجھے یقین ہے کہ ان 3 لوگوں نے یہ سب کچھ کیا ہے، یہ میرا حق ہے کہ تفتیش ہو، جس سے سب پتا چل جائے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے جوڈیشل کمیشن کی بات کی ہے، میں اسے ویلکم کرتا ہوں، مجھے اس ملک میں صاف اور شفاف تحقیقات چاہئیں، پہلے ایک ویڈیو نکلتی ہے جس میں کہا گیا میں مذہب کی توہین کرتا ہوں، وہ ویڈیو کہاں سے نکلتی ہے، کون نکالتا ہے یہ پتا چلنا چاہیے، مریم صفدر، مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف سے کون پریس کانفرنس کراتا ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ میرے خلاف منظم مہم چلائی گئی، سب کچھ اسکرپٹ کے تحت کیا گیا، بندوق چلانے والے کا انٹرویو لیک کیا گیا، پولیس کہتی ہے کہ ان پر پیچھے سے دباؤ تھا، اگر سائفر ڈرامہ تھا تو اس کی تحقیقات کیوں نہیں کرائی جاتیں، یہ لوگ سائفر کی تحقیقات سے کیوں ڈرے ہوئے ہیں۔
Comments are closed.