اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی امریکی خاتون رکن کانگریس کے ساتھ ہونے والی گفتگو کی مبینہ آڈیو منظرعام پر آ گئی، جس میں انہوں نے ان سے سیاسی مدد مانگی ہے۔
امریکی خاتون رکن کانگریس میکسین مورواٹرز کے ساتھ زوم کے ذریعے میٹنگ میں ہونے والی گفتگو کے مطابق سابق وزیراعظم امریکی رکن کانگریس کو کہتے ہیں کہ شاید یہ ہماری تاریخ کے نازک ترین لمحات ہیں، اس ملک میں اس وقت بہت ہی مضحکہ خیز صورت حال چل رہی ہے۔
انہوں نےکہا کہ مجھ پر ایک قاتلانہ حملہ ہوا جس میں میری ٹانگ پر 3 گولیاں لگیں جب کہ اس کا ہدف میرے جسم کا اوپری حصہ تھا۔ عمران خان نے مزید کہا کہ میری حکومت سابق آرمی چیف نے ختم کی تھی کیونکہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ یہاں بہت طاقت ور ہے۔
عمران خان نے امریکی رکن کانگریس سے گفتگو میں مزید کہا کہ انہوں (سابق آرمی چیف) نے جو لوگ اس وقت اقتدار میں ہیں، کے ساتھ مل کر سازش کی۔ آرمی چیف بہت طاقت ور ہے۔ خفیہ ادارہ بہت طاقت ور ہے۔ انہوں نے میری حکومت کا تختہ الٹا۔ میری حکومت کی معاشی کارکردگی گزشتہ 17 برس میں سب سے بہترین تھی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اب صورت حال یہ ہے کہ میری زندگی کو کیوں خطرہ ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ اور وہ لوگ ہیں جو اس وقت اقتدار میں ہیں، اور دوسری چیز جو کی گئی جس کے لیے واقعتاً آپ کا ایک بیان بہت مددگار ہوگا اگر آپ دے سکیں، میں جو بات کررہا ہوں، آپ اس کی تصدیق کر سکتی ہیں، ہمیں تاریخ کے بدترین کریک ڈاؤن کا سامنا ہے۔
کسی سیاسی جماعت کو بنیادی حقوق کی پامالی کا ایسا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ اس لیے ہم آپ سے بس یہ کہنا چاہتے ہیں کہ خود دیھ لیں، آپ خود سے یہ جانچ سکتی ہیں کہ جو کچھ ہو رہا ہے، اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ ہم آپ کو بہت سراہیں گے کیونکہ جب وہاں کوئی آپ جیسا بیان دیتا ہے تو اس کا یہاں بہت اثر لیا جاتا ہے۔
آپ ایک بیان دیں، ہم بس قانون کی پاسداری چاہتے ہیں۔ آئین کی پاسداری چاہتے ہیں۔ آپ جانتی ہیں بنیادی حقوق، بس ہم اتنا چاہتے ہیں کہ آپ ایک بیان دیں کہ یہاں کیا ہو رہا ہے، اس سے ہمیں بہت مدد ملے گی۔ میکسین، جب آپ جیسا کوئی شخص بات کرتا ہے تو ہمارے ملک میں اس سے کافی ارتعاش پیدا ہوتا ہے۔
مبینہ آڈیو کے آخر میں عمران خان نے عدنان اور سلمان نامی افراد کا شکریہ بھی ادا کیا۔
Comments are closed.