اسلام آباد: پاکستان ڈیمو کرٹیک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) اور جمعیت علمائے اسلام ( جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے وزیر اعظم عمران خان کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی زبان کو قابو میں رکھیں ورنہ انہیں قابو کرنا آتا ہے، بداخلاقی کرنے اور گالیاں دینے والے شخص کو وزیراعظم نہیں ہونا چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عمران خان کی کیفیت خراب ہوچکی ہے ان کے حواس اڑچکے ہیں، شرافت عمران خان میں پیدائشی طور پر شرافت نہیں تھی پتا نہیں کہاں سے یہ قوم کے گلے پڑ گئے لیکن اب قوم کی نجات کے دن قریب آگئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ جب ہم نے کال دی تو ایک گھنٹے میں پورا مل جام ہوگیا، عمران خان سن لو ہم تمہیں جام کرنا جانتے ہیں، تم نام بگاڑتے ہو، بداخلاقی کرتے ہو ، تمہاری زبان بتارہی ہے کہ تم وزیراعظم بننے کے اہل نہیں، تمہیں وزیراعظم بنانا اس منصب کی بے توقیری ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نوٹس لے وزیراعظم کس طرح عوام میں تقاریر کررہا ہے، عمران خان کو لگام دی جائے پاکستان اب مزید اس طرح کے لوگوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، ہمارے پاس اکثریت موجود ہے، آپ کے پاس ہے تو سیاسی جنگ لڑیں، عدم اعتماد کی تقاریر آتی ہیں تم حواس باختہ کیوں ہوگئے؟ اور گالیاں کیوں دیتے ہو؟ اس سطح کے انسان کو حکمران نہیں ہونا چاہیے۔
فضل الرحمن نے کہا کہ اگر میں نے کوئی پرمٹ لیا ہے تو کرپشن سامنے لائی جائے وزیراعظم نے کہا کہ ہم عدم اعتماد کی تحریک نہیں بلکہ آپ کے خلاف جہاد لڑرہے ہیں، پھر معاملات سڑکوں پر آئیں گے اور انارکی کی طرف جائیں گے، اگر میں نے بطور وزیر کوئی پرمٹ لیے ہیں اور کرپشن کی ہے تو آپ کے پی کے میں چار سال سے ہیں ، ہمت ہے تو ہمارے خلاف کوئی کرپشن کیس لے آئیں۔
Comments are closed.