تہران :امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی قدرمشترک اور دردمشترک کی بنیادوںپر امت کے اتحاد کی جدوجہد کر رہی ہے، سید مودودیؒ کا پیغام آفاقی اور عالم اسلام کو ایک لڑی میں پرونے کا ہے، تمام اسلامی ممالک متحد ہو کر اسرائیلی سفاکیت روکیں، ایک ماہ گزر گیا، غزہ جل رہا ہے۔
تہران میں رہبر ایران کے مشیر برائے امور خارجہ آیت علی آغا قمی اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ عالمی برادری، او آئی سی اسرائیل کو لگام ڈالنے میں ناکام ہو گئے، ہم مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے کے لیے شب و روز محنت کررہے ہیں۔ جماعت اسلامی نے کراچی اور اسلام آباد میں غزہ ملین مارچ منعقد کیے ہیں، لاہور میں 19نومبر کو ملین مارچ ہو گا۔
انہوں نے کہاکہ قومی فلسطین کانفرنس میں تمام سیاسی جماعتوں کو مسئلہ فلسطین کے لیے ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا ہے، القدس کمیٹی نے مسلمان سفیروں سے ملاقاتوں میں مسئلہ فلسطین کو اجاگر کیا ہے، ہم ایران، قطر اور ترکی کے دورے میں مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینے پر زور دے رہے ہیں۔
امیر جماعت نے کہا کہ اگرچہ پاکستان میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہو چکا ہے، لیکن جماعت اسلامی اہل فلسطین کے لیے موثر آواز بلند کرتی رہے گی۔آیت اللہ آغا قمی نے کہا کہ ایران جماعت اسلامی کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں شخصیات نے اسلامی نظام حکومت کے قیام کے لیے جدوجہد کی۔
Comments are closed.