جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

عارضی جنگ بندی کا اختتام: غزہ پر اسرائیلی بمباری میں 54 فلسطینی شہید

غزہ: اسرائیل نے حماس سے عارضی جنگ بندی کے خاتمے پر غزہ پر دوبارہ وحشیانہ حملے شروع کردئیے، جس کے نتیجے میں 54 فلسطینی شہید ہوگئے

فلسطینی وزارت صحت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی میں توسیع ختم ہوتے ہی اسرائیلی فضائیہ کے طیاروں نے غزہ کا رخ کیا اور وحشیانہ بمباری کی جس میں اب تک 54 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں،جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز کی غزہ کے مغربی علاقے میں بمباری جارہی ہے۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کے شمالی علاقے جبالیہ میں ایک گھر کو نشانہ بنایا۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں 7 روزہ جنگ بندی ختم ہونے کے بعد شمالی غزہ میں دھماکوں اور فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، مختلف علاقوں میں شدید جھڑپیں جاری ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس نے جنگ بندی کے معاہدے کے مطابق مزید یرغمالی رہا نہیں کیے اور حماس نے اسرائیل پر راکٹ بھی فائر کیے ہیں۔جسے اسرائیلی فوج نے ٹریس کیا جب کہ راکٹ حملے کے بعد علاقے میں سائرن بھی بجائے گئے۔

اسرائیلی فوج نے جمعے کے روز ایک بیان میں کہا کہ ہم نے غزہ کی پٹی میں حماس کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائیاں شروع کر دی ہیں، جب کہ اسرائیل نے مزاحمتی گروپ پر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسرائیلی علاقے میں فائرنگ کا الزام لگایا ہے۔

تاہم اسرائیلی الزام پر حماس کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

اس حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ مجھے افسوس ہے کہ غزہ میں لڑائی دوبارہ شروع ہو گئی ہے اور امید ہے کہ لڑائی میں وقفے کی تجدید ہو سکتی ہے۔

 قطر اور مصر کی ثالثی میں 24نومبر کو اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں عارضی جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا۔ ایک ہفتے کی عارضی جنگ بندی کے دوران حماس نے 100سے زائد قیدیوں جبکہ اسرائیل نے 240فلسطینیوں کو رہا کیا تھا،

مصری حکام کے مطابق 2,781 امدادی ٹرک جنگ بندی کے دوران رفح کراسنگ کے ذریعے غزہ میں داخل ہوئے۔

واضح رہے 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں اب تک 15ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، امریکا نے غزہ پر حملوں کے لیے اسرائیل کی مکمل حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

You might also like

Comments are closed.