کراچی: شہر قائد سمیت سندھ بھر کے تمام بند تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے جبکہ صرف 100 فیصد ویکسی نیٹڈ اسٹاف والے اسکولوں کو پچاس فیصد حاضری کی شرط کے ساتھ تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے تدریسی سرگرمیاں بحال ہو گئیں ہیں اور تمام تعلیمی ادارے حکومتی ایس اوپیز کے تحت کھل گئے ہیں جبکہ جہاں اسکول دوبارہ کھلنے پر بچوں، والدین اور اساتذہ نے خوشی کا اظہار کیا ہے وہاں بہت سے والدیں نے تشویش کا اظہار بھی کیا ہے۔
واضح رہے سندھ حکومت کی ہدایات کے مطابق صرف وہ تعلیمی ادارے ہی کھلیں گے جہاں کا تدریسی و غیر تدریسی عملہ مکمل طور پر ویکسی نیشن کرواچکا ہوگا جبکہ تعلیمی ادارے ہفتے میں 6 روز کھولنے کی اجازت دی گئی ہے، تاہم طلبہ کو تین روز 50 فیصد حاضری کے تحت بلایا جائے گا۔
خیال رہے محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق صرف ویکسینیٹڈ تدریسی اور غیر تدریسی عملے والے سکولوں کو کھلنے کی اجازت ہے باقی سکول بند رہیں گے جبکہ والدین کو بھی ویکسینیشن کروا کر کارڈ اسکول میں جمع کروانے کی لازمی ہدایت کی گئی۔
آل پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ بچوں کی تعلیم کئی ماہ سے متاثر تھی، اسکول کھولنے پر سندھ حکومت کے مشکور ہیں، والدین کی ویکسینیشن پرسندھ حکومت سےمکمل تعاون کریں گے۔
دوسری جانب کراچی میں تعلیمی ادارے کھولنے کے بعد ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کی معائنہ ٹیمیں دورے پر روانہ ہوگئیں ہیں اور انسپکشن افسران کی سربراہی میں 6 ٹیمیں روانہ ہوئیں، معائنہ ٹیمیں اسکولز میں ایس اوپیز کا عمل، سرٹیفیکٹس چیک کریں گی۔
یاد رہے 23 اگست کو سندھ حکومت کی جانب سے مزید ایک ہفتے تعلیمی ادارے بند کرنے کے اعلان کے بعد نجی اسکولز کی نمائندہ تنظیموں کی جانب سے سندھ کے ہرشہرمیں مظاہرے کئے تھے اور دھمکی دی تھی کے تعلیمی ادارے نہیں کھولے گئے تو روڈ پر بیٹھ جائیں گے، تاہم سندھ حکومت نے 30 اگست سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
رواں سال صرف 22 دن ہی سکول کھل سکےہیں اور کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر 16 جولائی کو تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے تھے جبکہ ملک میں کورونا کی لہر ابھی بھی جاری ہے۔
Comments are closed.