لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ صرف جماعت اسلامی ہی ملک کو اسلامی معیشت دے سکتی ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ شفاف الیکشن ملک کی ضرورت ہیں ،پورے ملک میں ایک ہی روز انتخابات ہوں گے تو استحکام آئے گا۔ ملک کو آئی ایم ایف کے قرضوں کی ضرورت نہیں، غیر ترقیاتی اخراجات ، کرپشن اور پروٹوکول کلچر کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ پانچ لاکھ گاڑیاں وزیروں مشیروں، بیوروکریسی کے پرائیویٹ استعمال میں، پٹرول مفت ڈلتاہے، گورنرز، سرکاری بابو، وزیر ایکڑوں پر محیط محلات میں رہتے ہیں، ان کے لیے دس مرلے کا گھر ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی معاشی پالیسی دولت کا ارتکاز نہیں اس کی سرکولیشن ہے ،ہمیں اقتدار ملا تو سودی نظام کو ختم کریں گے، ٹیکسز کی بجائے زکوة اور عشر کا نظام لائیں گے، ملک میں ساڑھے سات کروڑ افراد زکوة دے سکتے ہیں، صرف پچیس لاکھ انکم ٹیکس دیتے ہیں، زکوة و عشر کا نظام لاگو ہوجائے تو پاکستان لینے والا نہیں دینے والا بن جائے۔ صرف جماعت اسلامی ہی ملک کو اسلامی معیشت دے سکتی ہے۔ جماعت اسلامی ملک کی عدالتوں میں قرآن کا نظام نافذ کرے گی، یکساں تعلیمی نظام دے گی۔
امیر جماعت کا کہنا تھا کہ ہمارے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام ہے ،پاکستان اسلام کے نام پر بنا مگر ایک دن کے لیے بھی یہاں قرآن وسنت کا نظام نافذ نہیں ہوا۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد ملک میں پرامن جمہوری جدوجہد سے اسلامی انقلاب ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی نظم کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں امرائے صوبہ اور بڑے شہروں کے امرائے اضلاع نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی سیاسی، معاشی اور آئندہ الیکشن کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
Comments are closed.