کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسرائیلی افواج کی جانب سے قبلہ اوّل مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی ، غزہ پر بمباری ، مظلوم و نہتے فلسطینی مسلمانوں پر وحشیانہ تشدد ، خواتین و بچوں سمیت سیکڑوں فلسطینیوں کی شہادت کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت ’’اہل فلسطین ‘‘اور’’ تحریک مزاحمت حماس‘‘ سے یکجہتی اور اتحاد امت کے اظہار کے لییـ آج 4بجے سہ پہر شارع فیصل پر عظیم الشان ’’فلسطین مارچ‘‘ ہو گا۔ شہر بھر سے لاکھوں مردو خواتین اور مختلف طبقات و مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد شریک ہوں گے۔فلسطین کے سابق وزیر اعظم اسماعیل ہنیہ اورامیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق ’’فلسطین مارچ‘‘سے خصوصی خطاب کریں گے۔ ’’فلسطین مارچ‘‘ کی تمام تیاریاں اور انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔امیر جما عت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مین نرسری اسٹاپ شارع فیصل پر قائم مرکزی کیمپ کا دورہ کیا۔ انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ ذمے داران کو ضروری ہدایات دیں۔حافظ نعیم الرحمن نے اس مو قع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے کراچی کے عوام،تمام طبقات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ مردوخواتین سے اپیل کی کہ پورے ایمانی جذبے اور بھر پور جوش و خروش کے ساتھ جوق درجوق اپنی فیملی کے ہمراہ ’’فلسطین مارچ‘‘میں شریک ہوں اور اسرائیل کی جارحیت ،امریکا اسرائیل گٹھ جوڑ،قبلہ اوّل پر قبضے کے لیے سازشوں و کوششوں کے خلاف اور فلسطینی مسلمانوں کی جدوجہد کے ساتھ بھر پور اظہارِ یکجہتی کریں۔ ’’فلسطین مارچ‘‘ صرف کسی ایک جماعت کا مارچ نہیں بلکہ پوری امت کے احساسات و جذبات کا ترجمان ہو گا۔قبلہ اوّل ہر کلمہ گو شخص کے لیے مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کے بعد انتہائی قابل احترام ہے۔قبلہ اوّل کی آزادی اور تحفظ پوری امت کے ایمان اور عقیدے کا معاملہ ہے اور اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی اسرائیل کو تسلیم کیا جا سکتا ہے۔ اسرائیل نے جنگ بندی کے باوجود مظلوم و نہتے فلسطینیوں پر ظلم و ستم ڈھانے کا سلسلہ بند نہیںکیا ۔ اسرائیل نے قبلہ اوّل پر حملہ کر کے پوری امت کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے اس کا جواب عالم اسلام کو اپنے اتحاد و یکجہتی سے دینا ہو گا۔موجود ہ حالات میں پورے عالم اسلام کی جانب سے اسرائیل کے خلاف نمائندہ اجتماع منعقد کرنے کی ضرورت ہے ، عالم اسلام کے اکثر حکمران اس چیلنج کے مقابلے کے لیے اپنی ذمے داریاں پوری نہیں کر رہے اور مسلم عوام کے احساسات و جذبات کی ترجمانی کر نے کے بجائے غلامانہ اور معذرت خواہانہ رویہ اختیارکر رہے ہیں۔ان حالات میں ’ ’’فلسطین مارچ‘‘ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔اس سے عالمی سطح پر پیغام جائے گا کہ حکمران خواہ کوئی بھی مؤقف اختیار کریں ،مسلم عوام زندہ اور بیدار ہیں۔ ’’فلسطین مارچ‘‘ کی رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں شہر بھر میں ہفتے کے روز بھی درجنوں مقامات پر کیمپ لگائے گئے جہاں سے عوام کو ’’فلسطین مارچ‘‘ میں شر کت کی دعوت دینے کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔جماعت اسلامی کے مردو خواتین کارکنان اور ذمے داران ہفتے کے روز بھی سارا دن سر گرمِ عمل رہے۔عوام کی جانب سے زبردست جوش و خروش اور مثبت ردّ عمل کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا اور امید ہے کہ ’ ’’فلسطین مارچ‘‘کراچی کے عوام کا تاریخی اور یادگار مارچ ثابت ہو گا۔
ہفتہ10؍شوال المکرم 1442ھ 22؍ مئی 2021ء
Comments are closed.