بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سینیٹ کمیٹی: دہری شہریت والے سرکاری ملازمین کی تفصیلات طلب

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ نے تمام سرکاری اداروں کے ملازمین پر ریٹائرمنٹ کے فوری بعد دوہری شہریت لےکر بیرون ملک سیٹل ہونے پرپابندی عائد کرنے سے متعلق قانون سازی کےلئے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔دوہری شہریت والے تمام سرکاری ملازمین سے متعلق تفصیلات بھی طلب کر لیں۔

رکن کمیٹی سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ ہر وہ بندہ جوپاکستان میں کسی بھی اہم منصب پر رہے اس پر پابندی لگنی چاہیے کہ وہ ایک خاص وقت تک ملک سے باہر نہیں جا سکتا، بعد میں پتہ چلتا ہے کہ جب وہ یہاں منصب پر تھے تو انہوں نے سارا وسائل کا رخ اس طرف کرلیا تھا جہاں اس نے مستقبل میں جانا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر رانا مقبول احمد کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں سول سرونٹس (ترمیمی)بل 2022کاجائزہ لیا گیا۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اس تجویز کا جائزہ لینا چاہیئے،اصولی طور تو ہم سارے اتفاق کرگئے ہیں کہ اس کو آگے جانا چاہئے، قدغن لگے گی تو اس کا فرق پڑے گا۔

 رکن کمیٹی سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ مشتاق صاحب کی بات ٹھیک ہے،فوری طور پر کوئی طریقہ کار اس کا طے کرنا چاہیئے، کچھ قوانین کو اس انداز سے بنائیں کہ لگے کہ ہم خودمختار ملک بھی ہیں۔

 سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ اس وقت عمومی طور پر پاکستانی سماج میں ایک غصہ پایا جاتا ہے ان بڑی بڑی شخصیات کے حوالے سے جو ہمارے ہاں اہم مناصب پر رہے وہ پھر چلے جاتے ہیں اور وہاں سے ان کی عیاشیانہ سرگرمیاں سامنے آتی ہیں اور ان کی دولت کی خبریں یہاں پر رپورٹ ہوتی ہیں تو اس سے قوم کے اندر ایک احساس ذلت پیدا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ  ہمارا کام ہے لوگوں کے احساس کو زبان دینا،ان کے درد ،احساسات کی ترجمانی کرنا۔کمیٹی نے سول سرونٹس (ترمیمی) بل 2022آئندہ اجلاس کے لئے موخر کر دیا جبکہ دوہری شہریت والے تمام سرکاری ملازمین سے متعلق تفصیلات طلب کرلیں۔

 اجلاس کے دوران پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن سے متعلق معاملے کا بھی جائزہ لیا گیا۔

You might also like

Comments are closed.