مظفر گڑھ:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے سیاسی و معاشی دہشت گردوں نے سات عشروں سے عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ حکمرانوں کا کام لوٹ مار، غریب کا صرف ووٹ دینا ہے، چینی،بجلی اور پانی چوروں کی سرپرستی حکومتیں کرتی ہیں۔
سراج الحق نے کہاکہ قوم متحد ہوجائے تو اسلامی فلاحی پاکستان کی منزل دور نہیں، آئندہ الیکشن فیصلہ کن ہوگا، جماعت اسلامی 90دن میں الیکشن کے یک نکاتی ایجنڈے پر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کرے گی۔
سراج الحق نے کہا کہ ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں نے سیاست و جمہوریت کے نام پر باریاں لیں، اپنے شہزادوں اور شہزادیوں کا مستقبل محفوظ، قوم کا تباہ کیا۔ گزشتہ پانچ برسوں میں عوام مشکل ترین دور سے گزری، اس دوران مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان آیا، امن و امان تباہ ہوا، اداروں کو کمزور کیا گیا،احتساب ختم،انصاف نایاب ہوگیا، پارلیمنٹ میں عوامی مفاد کی بجائے حکمران اشرافیہ کے مفادات کو تحفظ دینے کے لیے قانون سازی ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ دوستمبر کی ہڑتال کی کامیابی کے بعد حکومت بجلی چوروں کے خلاف ایکشن پر مجبور ہوگئی، ڈالر مافیا پر بھی ہاتھ ڈالے جارہے ہیں، عوام یک جان ہوکر آواز اٹھائیں گے تو حکمران مزید سوچنے اور کرنے پر مجبور ہوجائیں گے، جماعت اسلامی کی تحریک عام آدمی کی تحریک ہے۔
امیر جماعت کا کہنا تھا کہ یوتھ پرامن اسلامی جمہوری انقلاب کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔بجلی، پٹرول، گیس اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم کی جائیں، نگران حکومت آئی ایم ایف کے مفادات کے تحفظ اور سابقہ حکومتوں کے فیصلوں کوتسلسل دینے کی بجائے غریبوں کی آواز سنے۔جنوبی پنجاب میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کی مجموعی صورتحا ل کے خلاف احتجاجی تحریک کے آغاز کے تیسرے اور آخری روز ہونے والے جلسہ میں خواتین سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
Comments are closed.