اتوار 18؍رمضان المبارک 1444ھ 9؍اپریل 2023ء

سیاسی جماعتوں کے تصادم میں ملک دشمن قوتوں کو موقع ملا، سراج الحق

problems

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کو حقیقی جمہوری راستہ پر ڈالنے کے لیے سیاسی جماعتوں کا ڈائیلاگ ناگزیر ہے ،ماضی میں سیاسی جماعتوں کے تصادم کے نتیجہ میں ملک دشمن  قوتوں کو موقع ملا۔

منصورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ شفاف الیکشن کے انعقاد کے لیے تمام سٹیک ہولڈر زکاایک پیج پر آنا ضروری ہے ۔ 13 جماعتوں کی اتحادی حکومت قوم کو اپنی ایک سال کی کارکردگی بتائے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  گزشتہ365 دنوں میں روپیہ کی حیثیت کاغذ کے ایک ٹکڑے کی سی رہ گئی ہے ،ملکی تاریخ میں یہ تماشا پہلی دفعہ برپا ہوا کہ پارلیمنٹ اور عدالت کے درمیان کھل کر جنگ ہورہی ہے،جنوبی ایشیا کے سبھی ممالک پاکستان سے آگے نکل گئے، آج خطے میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے اور نوبت یہاں تک آگئی کہ گزشتہ چند دنوں میں آٹے کے تھیلے کے لیے20 لوگوں کی جانیں چلی گئیں ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ اور سابقہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے معیشت سمیت ہر شعبہ تباہی سے دوچار ہوا ، آج خیبرپختوانخواہ بدامنی کی آگ میں جل رہاہے، تاجروں کو بھتے کے لیے کالیں آتی ہیں اور اغوا برائے تاوان کی وارداتیں ہورہی ہیں ، مگر حکومتیں سورہی ہیں۔ حکمران جماعتیں بری طرح ایکسپوز ہوگئیں ہیں۔ملک اسلام کے نام پر بنا اور اسلامی نظام ہی اسے بچا سکتا ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ  جماعت اسلامی کی تمام تر جدوجہد ملک میں قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ کے لیے ہے، قوم عدل و انصاف کی حکمرانی اور ترقی ، امن اور خوشحالی کے حصول کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔

You might also like

Comments are closed.