اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے معاملے پر غور کیاگیا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے اعلان کیا کہ جمعہ 7 جولائی کو یوم تقدس قرآن منایا جائے گا۔اس موقع پر سویڈن واقعے کے خلاف ملک گیر احتجاج ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تمام جماعتوں سمیت پوری قوم سے احتجاج میں شریک ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم یک زباں ہوکر شیطانی ذہنوں کو پیغام دے گی۔ جمعہ کے روز ملک بھر میں سویڈن واقعے کی مذمت میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے جمعرات کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سویڈن واقعے پر قومی لائحہ عمل مرتب کیاجائے اور پارلیمنٹ کے فورم سے قوم کے جذبات اور احساسات کی بھرپور ترجمانی کی جائے۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مشترکہ قراردادمنظور کی جائے ۔
وزیراعظم نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو جمعہ کے دن یوم تقدس قرآن میں بھرپور شرکت کی ہدایت کرتے ہوئے بطور پارٹی صدر ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی عزت وحرمت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ اس کے لیے ہم سب ایک ہیں۔ گمراہ ذہن اسلاموفوبیا کے منفی رجحان کو پھیلاکر مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کی امن پسند، بقائے باہمی پر یقین رکھنے والی اقوام اور قیادت اسلاموفوبیا کا شکار اور مذہبی تعصبات کی حامل متشدد قوتوں کا راستہ روکیں۔ مذہب، مقدس ہستیوں ، عقائد اور نظریات کو نشانہ بنانے والے متشدد ذہن دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔ عالمی سطح پر پرامن، متوازن اور بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھنے والی قوتیں مل کر ایسے رجحانات اور واقعات کے تدارک کے لیے کام کریں۔
Comments are closed.