اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ: سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف جمعہ کے روز ملک بھر میں یوم تقدسِ قرآن منایا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ملک بھر میں یوم تقدس قرآن منایا گیا، جس میں سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر تمام مکاتب فکر سے وابستہ افراد اور اہم شخصیات و ادارے ملک کے تمام علاقوں میں سویڈن میں قرآن پاک نذر آتش کیے جانے کے واقعے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
مزید پڑھیں: توہینِ قرآن قابل مذمت، عالمی امن خطرے میں ڈالنے والے دہشتگردہیں،ڈاکٹرطارق سلیم
وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں، جن میں سیاسی و سماجی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے اسلامو فوبیا کے خلاف خصوصاً سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے حالیہ واقعے کی شدید مذمت کی گئی۔
جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام امیرِ جماعت سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں جماعت اسلامی کے کارکنوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں سویڈن واقعے کے خلاف مذمتی احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے، اس سلسلے میں اندرون اور بیرون ملک جماعت اسلامی سے وابستہ افراد اور دیگر مکاتب فکر کے لوگ مغرب میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک، تعصب اور توہینِ قرآن کے حالیہ واقعے کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔
دریں اثنا سویڈن واقعے کے خلاف سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک مذمتی قرارداد منظور کی گئی ہے جب کہ سندھ ہائیکورٹ بار ایسویسی ایشن نے بھی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر حکومت سے سفارتی سطح پر اس مذموم سازش کا مقابلہ، سفارتخانہ بند کرنے اور مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اُدھر لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کے نمائندہ خصوصی علامہ طاہر محمود اشرفی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پہلے یہ معاملات حکومتی سرپرستی کے بغیر ہوتے تھے، اب سویڈن حکومت کی سرپرستی میں قرآن کریم جلایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام تمام کتب اور انبیا کے احترام کا حکم دیتا ہے۔ عوام سویڈن واقعے کے خلاف پرامن مظاہرے کے لیے نکلیں اور بھرپور احتجاج ریکارڈ کروائیں۔
امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے گجرات میں بڑی احتجاجی ریلی کی قیادت کی، جس میں کارکنوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیرِ صوبہ کا کہنا تھا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی توہین کا واقعہ قابل مذمت ہے جب کہ عالمی امن خطرے میں ڈالنے والے دہشت گرد ہیں۔ عالم کفر 2 ارب مسلمانوں کواشتعال دلاکرآگ سے کھیل رہا ہے دنیا میں امن کوقائم رکھنے کے لیے عالمی ٹھیکیداروں کواپنی ذمے داریاں پوری کرنی چاہییں۔
علاوہ ازیں مسلم لیگ ن منارٹی ونگ کے مرکزی صدر اور پاکستان مسیحی کونسل پاکستان کے صدر سینیٹر کامران مائیکل نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کا واقعہ ناقابل قبول ہے۔ پاکستان کے مسیحی اس واقعے کے خلاف احتجاج میں بھرپور شریک ہیں اور مذمت کرتے ہیں۔ ملک کے مختلف شہروں میں مسیحی برادری اور ان کے مذہبی رہنماؤں نے سویڈن واقعے کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔
مختلف علاقوں میں ہونے والے احتجاج کے دوران شرکا نے مطالبہ کیا کہ اس گھناؤنے واقعے میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے یقینی بنایا جائے کہ آئندہ ایسے واقعات عمل میں نہ آئیں۔
کراچی میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد مختلف مقامات پر سویڈن واقعے کے خلاف بھرپور احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر شریک افراد نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینر اٹھا رکھے تھے جن پر سویڈن میں اسلام مخالف گھناؤنے فعل اور یورپ میں اسلامو فوبیا کی مذمت کی گئی۔ شرکا نعرے لگا کر مطالبہ کررہے تھے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے ملعون اور اس واقعے میں ملوث دیگر افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: جماعت اسلامی کے مساجد کے باہرمظاہرے، سویڈن کی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیلیں
دریں اثنا کراچی میں تاجر تنظیموں کی جانب سے نماز جمعہ کے بعد احتجاج کے طور پر 2گھنٹوں کے لیے کاروبار بند رکھا اور مختلف علاقوں میں ریلیوں کی صورت میں سویڈن واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔ آل کراچی تاجر اتحاد کی جانب سے احتجاجی ریلی میمن مسجد سے ٹاور تک نکالی گئی جس میں شرکا نے سویڈن حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
Comments are closed.