کراچی: وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں چھٹی سے آٹھویں تک کی کلاسز میں تدریسی عمل منگل 15 جون سے شروع کردیا جائے گا جبکہ صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال کی بہتر رہی تو پرائمری تا پانچویں تک کی کلاسز میں تدریسی عمل 21 جون سے شروع کردیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پیر کو سندھ کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس کے بعد سعید غنی کا کہناہےکہ اس وقت گو کہ کراچی اور حیدرآباد میں کورونا متاثرین کی تعداد 5 فیصد سے زائد ہے تاہم جس تیزی سے ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے اس سے صورتحال میں بہتری آرہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے گذشتہ ہفتہ کلاس نویں تا انٹر تک تدریسی عمل شروع کردیا ہے اور انشاء اللہ منگل 15 جون سے کلاس چھٹی تا آٹھویں تک تدریسی عمل کا آغاز کردیا جائے گا جبکہ ایک ہفتہ تک صورتحال کا مزید جائزہ لے کر 21 جون سے تمام چھوٹی کلاسز میں بھی تدریسی عمل کا آغاز کیا جائے گا۔
سعید غنی نے کہا کہ اس دوران تمام کلاسز میں ایس او پیز کے تحت حاضری کا تناسب 50 فیصد ہوگا جبکہ اسکولز کے تمام عملے کا ویکسی نیشن کروانا لازمی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت منعقد ہونے والے کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں اس کی منظوری دے دی گئی ہے۔
Comments are closed.