لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے وزیراعظم شہباز شریف کے بعد عمران خان سے ملاقات اور انہیں حکومت سے مذاکرات کیلیے کمیٹی کے قیام کی تجویز دی ہے جس پر عمران خان نے آمادگی کا اظہار کردیا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی دیگر سیاسی جماعتوں سے روابط و اشتراک میں اہم ترین پیش رفت سامنے آئی ہے، امیر جماعت اسلامی حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکراات کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔ قبل ازیں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور آج عمران خان سے ملاقات کرکے انہیں حکومت سے مذاکرات کی تجویز دی ہے۔
جماعتِ اسلامی کے امیر سراج الحق آج پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملنے زمان پارک لاہور پہنچے۔ ان کے ساتھ نائب امیرِ جماعت لیاقت بلوچ اور مرکزی سیکرٹری جنرل امیر العظیم بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پی ٹی آئی کی جانب سے مرکزی نائب صدر سینیٹر اعجاز احمد چودھری، چیئرمین کے چیف آف اسٹاف سینیٹر شبلی فراز اور معاون سیاسی امور حافظ فرحت عباس بھی موجود تھے۔
وفد نے عمران خان سے خصوصی تفصیلی ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ امیر جماعت اسلامی کی جانب سے انتخابات کے انعقاد کے لیے وسیع اتفاقِ رائے کے لیے کمیٹی کی تشکیل کی تجویز دی گئی۔
تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف آئین کے دائرہ و حدود کے اندر بات چیت کے لیے تیار ہے۔ دریں اثنا ملاقات میں دونوں جماعتوں کے مابین روابط کے تسلسل پر اتفاق کیا گیا۔
Comments are closed.