اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر وزیراعظم عمران خان سانحہ اے پی ایس کیس میں عدالت عظمیٰ کے روبرو پیش ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی پنچ سانحہ آرمی پبلک اسکول کیس کی سماعت کی جس میں اٹارنی جنرل بھی پیش ہوئے۔
چیف جسٹس گلزار احمد نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا وزیراعظم نے عدالتی حکم پڑھا ہے، اٹارنی جنرل صاحب! یہ عالم ہے سنجیدگی کا، ایسے نہیں چلے گا، وزیراعظم کو بلائیں ان سے خود بات کریں گے۔
جس پر اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعظم کو عدالتی حکم سے آگاہ کروں گا، وزیراعظم کو عدالتی حکم نہیں بھیجا تھا، غلطیاں تسلیم کرتے ہیں، کسی کا دفاع نہیں کروں گا اور ضرورت پڑی تو دفتر چھوڑ دوں گا۔
اس پر عدالت نے اٹارنی جنرل کو وزیر اعظم کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جس پر وہ فوری طور پر وزیراعظم ہاؤس پہنچے اور انہیں کیس سے متعلق آگاہ کیا جس پر وزیر اعظم عمران خان عدالت میں پیش ہوئے۔
Comments are closed.