گوجرنوالا: چیئرمین تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کا کہنا ہے کہ زرداری وزارتیں سنبھال کر خوش ہے، گالیاں شہباز اور ن لیگ کو پڑ رہی ہیں، ملک کے بڑے ڈاکو، قاتل، لٹیرے اور منشیات فروشوں کو ہم پر مسلط کیا گیا۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پہلے سازش ہوتی ہے اور اس کے بعد مداخلت کی جاتی ہے، امریکی سازش کے تحت پاکستان کے بڑے بڑے ڈاکوؤں کو اکٹھا کر دیا گیا، حکومت کے آگے سمندر اور پیچھے عوام کو لے کر میں کھڑا ہوں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا شکریہ، قوم اور ملک سے غداری کرنے والوں کو فارغ اور ذلیل کیا، میں ان لوٹوں کا بندوبست کرنے جا رہا ہوں،وزارت عظمیٰ کو جوتے کی نوک پر رکھتا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ جب ہم قوم بن جائیں گے تو قرضے واپس کرنا مشکل نہیں ہو گا،ہم نے کسانوں کی مدد کی، شوگر مافیا سے پوری قیمت لی،جب دنیا میں ریکارڈ مہنگائی تھی ہم نے کوشش کی کہ عوام پر کم بوجھ ڈالیں،ہم نے اپنے لوگوں پر بوجھ کم کرکے پیٹرول کی قیمت کم کی اور فضل الرحمن کو بھی کم کیا۔
Comments are closed.