اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ریاست مدینہ کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے میں ہی کامیابی ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے مختلف مسلم ممالک کے سفیروں نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے سفراء کو رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی کے قیام اور وژن سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آپ ﷺ پوری انسانیت کے لیے سراپا رحمت ہیں، ریاست مدینہ کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے میں ہی کامیابی ہے، رحمت اللعالمینؐ اتھارٹی کے قیام کا مقصد اسوہ حسنہ کے پہلوؤں کا احاطہ کرنا ہے، رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی کا مقصد اسلامی تشخص اور سنت کو روشناس کرانا ہے، اتھارٹی اسلاموفوبیا کے خلاف دنیا بھر کے اسکالرز کے ساتھ مل کر مربوط حکمت عملی بنائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور سماجی بہبود کے لیے مسلمان نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کریں، قانون کی حکمرانی، فلاح وبہبود پر توجہ ریاست مدینہ کی بنیاد بنے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی کردار سازی کے لیے اسکولوں میں اخلاقیات کی تعلیم کو فروغ دیں گے، نوجوان نسل کی تربیت کے لیے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
Comments are closed.