پیر 8؍ربیع الاول 1445ھ25؍ستمبر 2023ء

روزانہ ایک ارب کا نقصان، گیس مہنگی کرنا ناگزیر ہوچکا ہے، نگراں وزیر توانائی

gas prices

اسلام آباد: نگراں وفاقی وزیر توانائی نے کہا ہے کہ گیس کے شعبے میں روزانہ ایک ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے، بہتری کے لیے گیس  مہنگی کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

پاور سیکٹر کے حوالے سے بریفنگ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر توانائی  کا کہنا تھا کہ حکومت گیس نرخ بڑھانے کے لیے کام کررہی ہے۔ اس شعبے کا گردشی قرض 2800 سے 2900 ارب روپے ہو چکا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر ایک ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

نگراں وزیر توانائی محمد علی نے کہا کہ گیس کے شعبے میں بہتری کے لیے قیمتوں میں اضافہ کرنا ناگزیر ہوگیا ہے۔ اس حوالے سے 60 فی صد گیس صارفین کو پروٹیکٹ رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ غریب صارف پر 500 روپے سے زیادہ کا بوجھ نہ پڑنے دیں بلکہ امیر طبقے کے لیے گیس کے نرخ بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل اپنے وقت پر یعنی 30 ستمبر ہی کو ہوگا، اس سلسلے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، تاہم ڈالر کی روپے کے مقابلے میں قیمت کم ہونے کا رجحان برقرار رہا تو اچھی پیش رفت کا امکان ہے۔

بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے متعلق بات کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ ڈسکوز سمیت پاور پلانٹس کے معاملے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ حکومت کی توجہ ڈسکوز پر زیادہ ہے اس سلسلے میں نجکاری اور صوبوں کے حوالے کرنے سمیت تین تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔

You might also like

Comments are closed.