راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج دہشت گردوں، ان کے معاونین اور ساتھیوں کی تمام باقیات کو ختم کر دے گی،ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک طویل سفر طے کیا ہے، امن بحالی کے لیے کی گئی کوششوں کو دشمن کے ہاتھوں سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل(ڈی جی)میجر جنرل بابر افتخارکے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز میں247 ویں کور کمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی ،جس میںملک کی سکیورٹی صورتحال بالخصوص بلوچستان میں حالیہ واقعات پر جامع بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی مخالفانہ کوششوں کا مقابلہ کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ شرکاء نے ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے حملوں کو بہادری سے ناکام بناتے ہوئے ملک کے دفاع کے لیے لازوال قربانیاں دیں اور دہشتگردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں اور حفاظتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک طویل سفر طے کیا ہے۔ مسلح افواج نے قوم کی حمایت سے ہر رنگ و نسل کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا ہے، امن بحالی کے لیے کی گئی کوششوں کو دشمن کے ہاتھوں سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے۔سپہ سالار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردوں کے دوبارہ منظم ہونے کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ہم دہشت گردوں، ان کے معاونین اور ساتھیوں کی تمام باقیات کو ختم کر دیں گے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے تمام فارمیشنوں کو ہدایت کی کہ وہ بنیادی فوجی تربیت کے اعلی معیارات کو برقرار رکھنے پر توجہ مرکوز کریں تاکہ روایتی کارروائیوں کے موثر نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔
Comments are closed.