راولپنڈی: کور کمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر اور بھرپور طاقت کے ساتھ نمٹا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی صدارت میں 259 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد جی ایچ کیو میں ہوا، جس میں ملک کی موجودہ صورتحال خصوصاً سیکورٹی معاملات سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں، سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر سے ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔ کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کے لیے مذموم پروپیگنڈا کرنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا اور ان شا اللہ ایسے عناصر مزید رسوائی کا شکار ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں شرکا نے 6 ستمبر کو ملک بھر میں یومِ دفاع و شہدا کوبھرپور طریقے سے منانے پر پاک فوج نے اپنی قابلِ فخر قوم کا شکریہ ادا کیا۔ کانفرنس کے دوران ضم شدہ اضلاع اور بلوچستان کے بارڈر اضلاع میں پائیدار امن و ترقی پر بھی زور دیا گیا۔
کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں معاشی سرگرمیاں جو اس وقت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC)کی زیر نگرانی جاری ہیں، اُس کی مکمل حمایت کی جائے گی۔ ایسی تمام سرگرمیاں جو معاشی استحکام اور غیر ملکی سر مایہ کاری کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، اس کے خاتمے کے لیے حکومت کی مکمل معاونت کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے اور فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا اور فوجیوں کی فلاح و بہبود اور حوصلہ برقرار رکھنے اور مسلسل توجہ دینے پر کمانڈرز کی تعریف کی جو فوج کی آپریشنل تیاری کی بنیاد ہے۔
کانفرنس کے شرکا نے ہر قسم کے بلواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔ شرکا کو قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں اپنی حکمت عملی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
کانفرنس کے شرکا نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوان اور سول سوسائٹی کے شہدا جنہوں نے ملک کی حفاظت، سلامتی اور وقار کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اُن کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
شرکا نے کہا کہ ریاست پاکستان،مسلح افواج کے شہدا اور ان کے اہلِ خانہ کو ہمیشہ احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔ اعلامیے کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں شہدا کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
Comments are closed.