اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سازش کی تحقیقات کیلئے کمیشن قائم کردیا گیا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کیخلاف مبینہ بیرونی سازش کی تحقیقات کیلئے تحقیقاتی کمیشن قائم کردیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) طارق خان کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیشن قائم کیا گیا ہے، کمیشن کو تحقیقات کیلئے 90 دن دیے گئے ہیں، یہ کمیشن خود اپنی تحقیقاتی ٹیمیں بناسکے گا، کمیشن معاملے کے پیچھے چھپے کرداروں کو قوم کے سامنے لائے گا اور تحقیقات کرے گا کہ حکومت گرانے کے لیے سازش کہاں سے شروع ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم ہیں اور رہیں گے، وفاقی کابینہ نے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کیا، ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے ضمیر خریدنے کی کوشش کی گئی، وزیراعظم کے خلاف یہ عمومی تحریک عدم اعتماد نہیں ہے، اگر ہوتی تو ہم اسے خوش آمدید کہتے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ تحریک عدم اعتماد بین الاقوامی سازش کے تحت لائی گئی، کل سازش سے متعلق اصل ریکارڈ ارکان اسمبلی کے سامنے رکھا جائے گا، مخصوص لوگ ہیں جنہیں معلوم تھا یہ سازش کہاں بنی، دیکھا جائے گا مقامی ہینڈلز کون تھے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ نے خود ہی اجلاس طلب کیا اور حیرت انگیز فیصلہ کیا کہ منحرف اراکین ووٹ ڈال سکتے ہیں جب کہ منحرف اراکین کا کیس تو سپریم کورٹ کے پاس تھا ہی نہیں، سپریم کورٹ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے، ہم فیصلے پر نظرثانی کے لیے عدالت جائیں گے، پارلیمنٹ کی بالادستی اب نہیں رہی، اب پارلیمان کی حاکمیت سپریم کورٹ کو منتقل ہوگئی ہے۔
Comments are closed.