اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عید الاضحٰی کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ دنیا کی کوئی قوم ایثار و قربانی کے جذبے کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحٰی کے مبارک اور پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
صدر مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات، حج اور قربانیاں قبول فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی اور ایثار کا جذبہ عالمگیر اور آفاقی تاثیر کا حامل ہے ۔ دنیا کی کوئی قوم ایثار اور قربانی کے جذبے کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی ۔
ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ قربانی کا اصل مقصد اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے نفسانی خواہشات کی قربانی ہے ۔ وطن عزیز معاشی لحاظ سے مشکل حالات سے دوچارہے ۔ مشکل حالات میں ہمیں ایثار اور قربانی جیسے جذبات کو بروئے کار لانے کی اشد ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ اپنے ارد گرد ضرورت مندوں اور بے سہارا لوگوں کی مدد کریں۔ عیدالاضحٰی ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم ورضا کی یاد دلاتی ہے ۔ ان عظیم شخصیات نے امتحان میں اللہ تعالیٰ کے حکم پر سر تسلیم خم کر دیا۔
قربانی مومن کے عزم کا اظہار ہے کہ وہ اللہ کی راہ میں بڑی سے بڑی قربانی اور ایثار کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ قربانی کے جذبے کے بدولت انسان بڑی سے بڑی مشکل صورت حال میں بھی راہ ِراست سے نہیں بھٹکتا۔
بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء
Comments are closed.