پیر21؍ربیع الثانی 1445ھ6؍نومبر2023ء

خیبر: سیکورٹی فورسز کا تیراہ میں آپریشن، لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4 جوان شہید، 3 دہشتگرد مارے گئے

security forces

راولپنڈی: سیکورٹی فورسز کے وادی تیراہ میں آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4 جوان شہید ہو گئے جب کہ 3 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے تیراہ میں آپریشن کیا، جس  کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے جب کہ 3 زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت پاک فوج کے  4 جوان شہید ہو گئے۔ شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کی عمر 43 برس اور وہ اسلام آباد کے رہائشی تھے۔

وادی تیراہ میں ہونے والے آپریشن میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان نائیک خوشدل خان کی عمر 31 برس اور وہ ضلع لکی مروت کے رہنے والے تھے۔ شہید نائیک رفیق خان کی عمر 27 برس اور وہ ضلع چارسدہ کے رہائشی تھے۔ آپریشن میں مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے لانس نائیک عبدالقادر کی عمر 33 برس اور وہ مری کے رہنے والے تھے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سیکورٹی فورسز قیام امن کے لیے اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے پرعزم ہیں۔ پاک فوج کے نڈر جوانوں کی قربانیاں فورسز کے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

You might also like

Comments are closed.