اسلام آباد:ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس میں سول جج ملک امان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ۔عمران خان کو گرفتار کر کے 18اپریل کوعدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے عمران خان کی جانب سے دائرایک روزہ حاضری معافی کی درخواست مستردکردی۔خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں ایف آئی آر درج کروائی گئی تھی۔ دوران سماعت پبلک پراسیکیوٹرراجہ رضوان عباسی ، سول جج ملک امان کی عدالت میں پیش ہوئے اور عمران خان کی جانب سے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے استدعا کی کہ عمران خان غیر حاضر ہیں قابل ضمانت کو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری میں تبدیل کیا جائے، وزیر آباد کا بہانہ سن، سن کر کان پک گئے ہیں، دودن پہلے وزیر آباد نہیں تھا جب اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے تھے۔
پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ہر تاریخ پر عمران خان کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی گئی، گزشتہ سماعت پر جج نے کہا کہ بہت بار استثنیٰ دیا جاچکا جس کے بعد قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے۔ پراسیکیوٹر نے اعتراض اٹھایا کہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر عمران خان کے دستخط بھی نہیں ہیں، عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر صرف ان کے وکلاء کے دستخط ہیں۔
Comments are closed.