اسلام آباد: حکومت نے عمران خان کے بیرونی سازش کے الزام پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے خلاف کوئی بیرون ملک سازش نہیں ہوئی، جب اپنے اتحادی چھوڑ جائیں تب آپ کو یاد آیا کہ بیرونی سازش ہوئی؟۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تحقیقات کیلئے انکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیشن غیر جانبدار ہوگا جو شفاف طریقے سے ان الزامات کی آزادانہ تحقیقات کرے گا اور کمیشن کی جانب سے جو بھی فیصلہ ہوگا اس کے بعد وہ لوگ جنھوں نے ملک کو جھوٹی سیاست کے لیے استعمال کیا انھیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انکوائری کمیشن کے لیے ایسا سربراہ مقرر کیا جائے گا جس پر کوئی بھی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ بیرونِ ملک سازش کا رونا نہیں یہ گوگی بچاؤ کا ماتم ہے، جلسوں کا شیڈول بھی اپنی بے نامی فرح کو بچانے کا پریشر ہے، عمران خان فرح گوگی کو بچاؤ کی تحریک چلا رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور حکومت میں نالائقی اور لوٹ مار کا بازار گرم تھا، افسران کے ذریعے پیسے کمائے گئے، ایک ایک تفصیل آچکی ہے، صبح شام بیرون ملک سازش کا تماشا فرح گوگی بچاؤ تحریک ہے، آپ قوم کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ صبح شام تماشے پر غیرجانبدار انکوائری کمیشن بنایا جائے، کمیشن آزاد ہوگا، تمام انکوائری عوام کے سامنے کی جائے گی، الزام تراشیاں فرح کو بچانے اور ملک کو نقصان پہنچانے کیلئے ہیں۔
Comments are closed.