پیر 13؍شعبان المعظم 1444ھ6؍مارچ 2023ء

حکومت پورے ملک میں عام انتخابات کا فوری اعلان کرے، سراج الحق

Sirajul Haque

لاہور : امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی 14مارچ کو اسلام آباد میں پورے ملک سے ٹکٹ ہولڈرز کو جمع کر کے پاکستان کو جدید اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنے منشور کا اعلان کرے گی، حکومت پورے ملک میں عام انتخابات کا فوری اعلان کرے۔

منصورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق  نے کہا کہ  پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی کی حکومت ویسے بھی مکمل طور پر ناکام ہو گئی، اس گاڑی کو چار ڈرائیور چلا رہے تھے، انھوں نے گزشتہ 11ماہ میں اپنے کیسز معاف کرانے کے علاوہ اور کچھ نہیں کیا۔ پہلے پی ٹی آئی کا بھی یہی معاملہ تھا جو بھی اس جماعت میں شامل ہوتا، واشنگ مشین سے دھل کر نکلتا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  پی ٹی آئی کے دور میں حالات بدتر تھے تو اب بدترین ہو گئے ہیں۔ ملک میں احتساب نام کی کوئی چیز نہیں رہی، قانون طاقتور کے لیے موم کی ناک بن چکا ہے۔ تینوں نام نہاد بڑی جماعتوں کے پاس عوام کو دینے کے لیے کوئی لالی پاپ نہیں، جماعت اسلامی ہی ملک کو مسائل سے نکال سکتی ہے اور قوم کے لیے واحد متبادل کے طور پر بچی ہے۔

امیر جماعت نے کہا کہ شفاف الیکشن مسائل کا حل ہیں، پورے ملک میں ایک ہی روز انتخابات ہونے چاہییں، قومی معیشت کی صورت حال تباہ کن ہے، الگ الگ انتخابات سے قومی خزانہ جو پہلے ہی تقریباً خالی پڑا ہے پر بوجھ ناقابل برداشت ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ انتخابی عمل میں مداخلت سے باز رہی تو قوم پر احسان ہو گا۔

انہوں نے مزیدکہاکہ اسٹیبلشمنٹ نے ماضی میں پی ٹی آئی، ن لیگ یا پیپلزپارٹی کو مسلط کیا، کبھی ایک لاڈلہ آیا تو کبھی دوسرا، اب کی بار عوام کو آزادانہ طریقہ سے اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق دیا جائے۔ چاہتے ہیں عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن سمیت تمام ادارے سیاست سے مکمل طور پر غیرجانبدار ہو جائیں۔

You might also like

Comments are closed.