ثمر باغ :امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سویڈن کے سفیر کی ملک بدری کا مطالبہ کیا ہے اور عالم اسلام سے بھی اپیل کی ہے کہ اجتماعی غیرت اور حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یورپی ملک سے سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں، جماعت اسلامی واقعہ کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی۔
جندول ثمر باغ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ سویڈن حکومت کی سرپرستی میں قرآن کریم جلانے کی ناپاک جسارت ہوئی جس کا اسلامی ممالک کی جانب سے بھی سرکاری سطح پر بھرپور ردعمل دیا جانا چاہیے۔ واقعہ اسلامو فوبیا کا مظہر ہے اور اٹھاون اسلامی ممالک اور پونے دوارب مسلمانوں کے ایمان کے لیے چیلنج ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سویڈن میں قرآن کریم کی سرکاری سرپرستی میں بے حرمتی سے واضح ہے کہ مغربی استعماری ممالک مسلمانوں کو کسی قسم کی اہمیت دینے کو تیار نہیں۔ مغرب کا اپنا نظام بری طرح ناکام ہوچکا ہے اور اب وہ اسلام کی حقانیت تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ نبی مہربان صلی اللہ علیہ وسلم کا پیغام پوری کائنات کے لیے امن و محبت کا پیغام ہے ، مغربی نظام نے انسانیت کو جنگ و جدل ، خون خرابہ ، فحاشی اور غربت دی ، یہی وجہ ہے کہ دجالی نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے اور اب وہاں ایسی حرکات ہورہی ہیں جس سے دنیا کا امن خطرے میں ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے ایمان پر حملے ہورہے ہیں، مغرب میں مسلمان عورتوں کی تضحیک کی جاتی ہے، شعائر اسلام پر حملے ہورہے ہیں ، مسلمانوں کے لیے یہ سب ناقابل برداشت ہے ، اسلامی ممالک اور پاکستان کی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ سویڈن کے واقعہ پر شدید سے شدید تر ردعمل دیں اور مسلمانوں کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی جائے، پہلے مرحلے میں تمام عالم اسلام سے سویڈن کے سفیروں کو نکالا جائے، او آئی سی حرکت میں آئے۔
Comments are closed.