اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گے اور احتساب کا عمل جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں معاشی صورتحال، آزاد کشمیر انتخابات، بجٹ اور احتساب کے معاملے پر گفتگو کی گئی۔ ذرائع نے بتایاکہ اجلاس میں وزیراعظم کو ترین گروپ سے ہونے والی ملاقات پر وزیراعلیٰ پنجاب نے آگاہ کیا۔ کور کمیٹی اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ جائز مطالبات تسلیم ہوں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گے، احتساب کا عمل جاری رہے گا، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، حکومت جاتی ہے تو جائے، لیکن کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں گے، ہماری پوری سیاسی جدوجہد ہی قانون کی حکم رانی کے لیے تھی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اگر کسی کا مقصد حکومت گرانا ہے تو وہ اپنا شوق پورا کرلے، لیکن ہم کسی کی بلیک میلنگ میں آکر اپنے منشور سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اور نہ ہی اقتدار بچانے کی خاطر کسی کو این آر او دیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، میرے لیے اقتدار سے زیادہ نظریہ اہم ہے، مخالفوں کے ساتھ بھی زیادتی نہیں کی تو اپنوں کے ساتھ کیوں کریں گے، لیکن احتساب کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹ سکتا، کور کمیٹی کی جانب سے وزیراعظم کے احتساب کے موقف کی تائید کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آزاد کشمیر کے انتخابات کی تیاریوں پر بھی گفتگو کی گئی جبکہ وزیراعظم نے آزاد کشمیر انتخابات کیلئے تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے گفتگو میں کہا کہ تحریک انصاف آزادکشمیر کے انتخابات میں واضح کامیابی حاصل کرے گی۔
Comments are closed.