بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

حکومت اور حکمران پارٹیوں کو عوام کے مسائل سے کوئی غرض نہیں، حافظ نعیم

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ شہر کھنڈر کامنظر پیش کررہا ہے،سڑکوں پر بڑے بڑے گڑھے بن گئے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر گاڑیاں گرجاتی ہیں، حکومت کی جانب سے عملاً کوئی ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے عوام،خواتین اور بزرگ چنگ چی رکشوں پر سفرکرنے مجبور ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ  ٹوٹی ہوئی سڑکوں اور چنگ چی پر سفر کرنے سے شہریوں میں ریڑھ کی ہڈی کے مسائل پیدا ہورہے ہیں،لیکن ظالم حکمرانوں،وفاقی و صوبائی حکومتوں اور حکمران پارٹیوں کو کراچی کے عوام سے کوئی غرض نہیں ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ  کراچی کے عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں جبکہ دوسری جانب کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے اور10۔12گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کے باوجود بھاری بل دیے جارہے ہیں، کراچی کے عوام سراپا احتجاج ہیں اور حکمرانوں سے سوال کررہے ہیں وہ بتائیں کہ جب ہمیں بجلی ہی نہیں ملتی تو ہم اتنے زیادہ بل کیوں جمع کریں۔

انہوں نے کہاکہ کراچی میں پانی کا آخری منصوبہ کے تھری سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے مکمل کیا تھا اور اس کے فوری بعد کے فور منصوبہ پیش کیا،آج 17سال گزرگئے لیکن وہ مکمل نہیں ہوسکا۔بلدیاتی انتخابات میں حکمران پارٹیوں کے نمائندے جب ووٹ لینے عوام کے پاس آئیں تو عوام ان سے سوال ضرور کریں کہ پانی کا K4منصوبہ کیوں مکمل نہیں کیا؟

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  کے الیکٹرک کے خلاف آواز کیوں نہیں اٹھاتے؟پیپلزپارٹی نے 14سال میں کراچی کے لیے کیا کیا؟،ایم کیو ایم ہرحکومت میں شریک رہی اور آج بھی ایک پیکیج ڈیل کے تحت حکومتی اتحاد کا حصہ ہے اس نے کراچی کے مسائل حل کیوں نہیں کیے،پی ٹی آئی نے بھی کراچی سے بھاری مینڈیٹ لیا لیکن اس سے اہل کراچی کو کیاملا؟اہل کراچی 28اگست کو ان تمام پارٹیوں کو مسترد کردیں جنہوں نے ان کو موجودہ بدترین صورتحال سے دوچارکیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ  صرف جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس نے ہر فورم پر کراچی کے عوام کا مقدمہ لڑا۔کے الیکٹرک کی لوٹ مار،اووربلنگ اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف آواز اٹھائی،نادرا کے مسائل حل کروائے اور مختلف حوالوں سے لوگوں کے شناختی کارڈ نہیں بن رہے تھے اور نادرا دفاتر جانے والوں کے ساتھ نارواسلوک روارکھا جاتا تھا جماعت اسلامی نے اس کے خلاف آواز اٹھائی اور نادرا کی ایس اوپیز تبدیل کروائی،ہم نے ماضی میں بھی شہر کی خدمت کی تھی اور آئندہ بھی کراچی کی تعمیر وترقی کے لیے اختیارات سے بڑھ کر کام کریں گے اور کراچی کے عوام کو ہر گز مایوس نہیں کریں گے۔

You might also like

Comments are closed.