بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

حکومتی کشتی ملاح خودڈبورہے ہیں،وزیراعظم کے ریلیف پیکیج پرسراج الحق کا ردعمل

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکومتی کشتی ڈوب رہی ہے، ڈبونے والے ملاح خود ہیں، حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے والے بھی مایوس دکھائی دے رہے ہیں۔

سراج الحق نے کہاکہ  حواس باختہ حکمران صلاحیت سے عاری لوگوں نے  سوا تین سال میں محرومیاں اور مایوسیاں بانٹیں، کمرتوڑ مہنگائی، طوفان بے روزگاری، شریعت سے متصادم قانون سازی اور سود پر اربوں ڈالر کے تاریخی قرضے اس حکومت کے 22کروڑ عوام کے لیے تحائف ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  وزیراعظم اگر امریکا اور یورپ سے مہنگائی کا موازنہ کرتے ہیں، تو وہاں کے عوام کو میسر سہولیات کا بھی تذکرہ فرما دیں، افغانستان میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں پاکستان سے کم ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ خطے کے بیشتر ممالک کے مقابلے میں مہنگائی اور بے روزگاری کی شرح پاکستان سے کم ہے، وزیراعظم نے اپنی تقریر میں ہمیشہ کی طرح حقائق کی مکمل تصویر کشی نہیں کی۔ جماعت اسلامی عوام کامقدمہ ہر سطح پر لڑے گی۔

سراج الحق نے کہا کہ 28نومبر کو اسلام آباد ڈی چوک کی جانب بے روزگاری مارچ ہو گا، پاکستان میں اسلامی نظام لانا چاہتے ہیں۔ پرامن، جمہوری جدوجہد میں مزید تیزی لائی جائے گی، کارکن تیاری کریں۔

You might also like

Comments are closed.