ہفتہ10؍شوال المکرم 1442ھ 22؍ مئی 2021ء

حملہ آور ڈرونز کے ٹکڑے اُڑانے والا مائیکروویو ہتھیار

واشنگٹن ڈی سی: امریکا کی ایک اسٹارٹ اپ کمپنی ایپیرس انکارپوریٹڈ نے ’’لیونیڈاس‘‘ کے نام سے ایک دفاعی نظام تیار کیا ہے جو حملہ آور ڈرونز کو طاقتور مائیکروویوز کی مدد سے فضا میں ہی تباہ کرسکتا ہے۔

لیونیڈاس نظام کا بنیادی اصول وہی ہے جس پر گھروں میں عام استعمال ہونے والے مائیکروویو اوون تیزی سے کھانا گرم کرتے ہیں۔

البتہ اس سے خارج ہونے والی مائیکروویوز، گھریلو اوون کے مقابلے میں کئی گنا طاقتور اور مرکوز ہوتی ہیں جو کسی ڈرون کے برقی آلات کو پلک جھپکتے میں بھون کر ڈرون کو تباہ کر ڈالتی ہیں۔

لیونیڈاس کا موجودہ پروٹوٹائپ خاصا بڑا ہے جو کسی چھوٹے ٹرک/ لوڈر گاڑی کے پچھلے حصے میں رکھا جاسکتا ہے۔ البتہ ایپیرس میں اسی ہتھیار کے ایک مختصر ڈیزائن پر بھی کام کیا جارہا ہے جسے ایک سپاہی بھی بہ آسانی اٹھا سکے گا۔

خبروں کے مطابق، ایپیرس کمپنی اب تک اسٹارٹ اپ فنڈنگ کی مد میں 7 کروڑ (70 ملین) ڈالر سے زائد کی رقم جمع کرچکی ہے جبکہ امریکا کے کسی ’’نامعلوم‘‘ سرکاری ادارے کے سامنے لیونیڈاس نظام کا عملی مظاہرہ بھی کرچکی ہے۔

چند ماہ پہلے کیے گئے اس مظاہرے میں لیونیڈاس نظام نے 66 ڈرونز تباہ کیے جو فضا میں اُڑ رہے تھے؛ جبکہ اس دوران بعض مرتبہ ایک ہی وار میں کئی ڈرونز ایک ساتھ تباہ کر ڈالے۔

لیونیڈاس میں سالڈ اسٹیٹ گیلیئم نائٹرائیڈ ایمیٹرز لگے ہیں، جیسے کہ فائیو جی مواصلاتی آلات میں استعمال ہوتے ہیں۔

بتاتے چلیں کہ طاقتور مائیکروویوز پیدا کرنا اگرچہ ایک مشکل کام ہے لیکن اس سے بھی زیادہ مشکل کام ان مائیکروویوز کو مطلوبہ سمت میں درست طور پر مرکوز رکھنا ہے کیونکہ اگر یہ لہریں اپنے ہدف سے چُوک کر اِدھر اُدھر ہوگئیں تو آس پاس بجلی کی تنصیبات اور عام استعمال کے آلات کو بھی تباہ کرسکتی ہیں۔

You might also like

Comments are closed.